ریسکیو 1122 نے آتشزدگی کے 2132 واقعات میں ایمرجنسی سروسز فراہم کی

گجرات(نیوز ڈیسک) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمر اکبر گھمن نے بتایا ہے کہ 2009 میں قیام سے لے کر اب تک ریسکیو 1122 گجرات نے آتش زدگی کے 2132 واقعات میں ایمرجنسی سروسز فراہم کی اور بروقت فائر فائیٹنگ کرکے و ہاں زخمی ہونے والے 191 افراد کو ریسکیو 1122 کی ایمبولینسوں کے ذریعے ہسپتالوں میں شفٹ کیا گیا، شہریوں کی ڈیڑھ ارب روپے سے زائد قیمتی املاک کو محفوظ کیا ہے اس دوران اوسط رسپانس ٹائم.9 7 منٹ رہاہے، ریسکیو 1122 کے شعبہ ایجوکیشن نے 100 سے زائد یونین کونسلوں، تمام بنیادی مراکز صحت اور درجنوں فیکٹریوں، کارخانوں کے عملہ کو بھی فائر فائٹنگ کی تربیت فراہم کی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ فائر فائٹنگ کے حوالے سے کارکردگی بتاتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا کہ ریسکیو 1122شہری علاقوں میں فائر فائٹنگ کے حوالے سے کسی بھی نوعیت کے تساہل کا شکار ہے اور بتایا کہ گزشتہ 11 سال کے دوران آتش زدگی کے جن واقعات میں خدمات فراہم کی گئی ان میں اندرون شہر اور بیرون شہر آتش زدگی کے واقعات شامل ہیں، ریسکیو 1122 کی سروسز کو ہر شعبہ کے افراد نے بھر پور سراہا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ محکمے کی کارکردگی کودیکھتے ہوئے حکومت پنجاب نے میونسپل کارپوریشن کے فائر بریگیڈ کو بھی 1122 میں ضم کردیا،ان گاڑیوں کو ضروری مرمت کے بعد کامیابی سے مختلف آپریشنزمیں استعمال کیاجارہاہے۔ انہوں نے بتایاکہ گجرات کے شہریوں کو بہتر ایمر جنسی سروسز کی فراہمی کے لئے 3 نئے ریسکیو سنٹرز کے قیام اور موٹر بائیک ایمرجنسی سروسز کیلئے سمری حکومت پنجاب کو بھجوائی جاچکی ہے۔ ڈی او ایمرجنسی عمر اکبر گھمن نے بتایاکہ ڈپٹی کمشنر گجرات کی ہدایات کے مطابق 300 سے زائد فیکٹریوں اور کارخانوں کے سروے کے بعد وہاں فائر سیفٹی کے حوالے سے سفارشات ضلعی انتظامیہ اور فیکٹری مالکان کو بھیجوا دی گئی ہے جبکہ کثیر الامنزلہ عمارتوں میں فائر سیفٹی یقینی بنانے کیلئے سروے جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں