پنجاب اسمبلی الیکشن غیرقانونی‘ ڈپٹی سپیکر استعفیٰ دیں‘ ارکان کا لیگل نوٹس

لاہور(جے ایم ڈی) ارکان پنجاب اسمبلی محمد رضوان اور شجاعت نواز نے وزیراعلیٰ پنجاب کے دھاندلی زدہ الیکشن کروانے پر ڈپٹی سپیکر سردار دوست مزاری سے استعفیٰ مانگ لیا۔ اس سلسلے میں ارکان اسمبلی نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے ذریعے ایک لیگل نوٹس ڈپٹی سپیکر کو بھجوا دیا ہے۔ لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 16 اپریل کو ڈپٹی سپیکر سردار دوست مزاری نے وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے دوران آئین پاکستان کو سبوتاژ کیا اور پنجاب اسمبلی کے استحقاق ایکٹ 1972 اور قواعد انضباط کار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ن لیگ کے 200 سے زائد ورکروں کو اسمبلی فلور پر غیر قانونی طور پر داخل کروایا‘ غنڈوں نے خاتون ایم پی اے آسیہ امجد کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جو سی ایم ایچ راولپنڈی میں وینٹی لیٹر پر موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں، یہ غنڈے دیگر ارکان اسمبلی کو بھی عبرت کا نشان بنانے کے نعرے لگاتے رہے۔ لیگل نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈپٹی سپیکر نے الیکشن والے دن آرٹیکل 69 اور آرٹیکل 4 اور 5 کی صریحاً خلاف ورزی کی۔ ڈپٹی سپیکر کے ان تمام غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات سے وزیراعلیٰ کا الیکشن دھاندلی زدہ ہو گیا لہٰذا ڈپٹی سپیکر فی الفور اپنی سیٹ سے استعفیٰ دیں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم قانونی و عدالتی راستہ اختیار کرنے کے مجاز ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں