اسلام آباد(جے ایم ڈی) این سی او سی نے کورونا کے نئے ویئریئنٹ اومیکرون کے پیش نظر مختلف ممالک کو کیٹیگری سی میں ڈال دیا ہے، ان ممالک سے آنے والے افراد کو مختلف پابندیوں سے گزرنا ہو گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق این سی او سی نے کورونا کی نئی قسم او میکرون کے تناظر میں احتیاطی تدابیر اپنا تے ہوئے مختلف ممالک کو سی کیٹیگری میں ڈال دیا ہے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ او میکرون کورونا جنوبی افریقا اور اس کے اطراف کے علاقوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے، جس کے پیش نظر جنوبی افریقا، ہانگ کانگ، نمبیا اور بوٹسوانہ کے سفر پر پابندی عائد کردی ہے۔ ان ممالک میں سفر کے لیے صر ف ہنگامی صورتحال میں ہی اجازت ہو گی۔
ان ممالک سے آنے والے افراد کو مختلف پابندیوں سے گزرنا ہو گا، ٹیسٹ منفی آنے کے باوجود ان افراد کو تین دن قرنطینہ میں گزارنا ہوں گے، تین دن گزرنے کے بعد ان افراد کا کورونا ٹیسٹ لیا جائے گا۔ ٹیسٹ مثبت آنے پر مزید دس دن کا قرنطینہ کرنا ہو گا۔
این سی او سی نے سول ایوی ایشن، ائیر پورٹ انتظامیہ کو ہدایات جاری کردیں ہیں کہ وہ ان ممالک سے آنے والوں کے لیے اسکریننگ کا طریقہ کار بنائیں۔ ان ممالک سے آنے والے پاکستانیوں کو بھی ہیلتھ پروٹوکولز سے گزرنا ہوگا، تاہم پاکستانی نژاد افراد 5 دسمبر تک پابندی سے مستثنی ہو ں گے۔