ورلڈ کپ کبڈی کے دو اہم میچز آج گجرات میں ہونگے

گجرات (نیوز ڈیسک)شہیدوں کی سرزمین گجرات میں ورلڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ کے دو اہم میچز آج کھیلے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کی زیر قیادت چوہدری ظہور الہی اسٹیڈیم میں عالمی مقابلوں کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ گجرات کی تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ کبڈی کے میچز میں پاکستان کی ٹیم کا مقابلہ آذربائیجان جبکہ بھارتی ٹیم کا مقابلہ انگلینڈ کی ٹیم سے ہوگا، انٹرنیشنل ایونٹ کے موقع پر عالمی سطح کے مقابلہ کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں۔ چوہدر ی ظہور الہی اسٹیڈیم میں بیک وقت 15ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، شائقین کا داخلہ فری ہوگا تاہم انہیں اپنی گاڑیاں کامرس کالج اور زمیندار کالج کے گراؤنڈ میں پارک کرنا ہونگی جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے انہیں اسٹیڈیم تک لایا جائے گا، مقابلے کیلئے گراؤنڈ میں مہمانان گرامی اور میڈیا کیلئے الگ الگ انکلوژر مختص کئے گئے ہیں جبکہ شائقین کیلئے جنرل انکوژر کو بھی شایان شان بنا دیا گیا ہے۔ ورلڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ کے میچز کیلئے گجرات کے شہریوں میں بھی بھرپور جوش و جذبہ پایا جاتا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ بڑی تعداد میں کبڈی کے کھیل سے محبت کرنیوالے افراد ظہور الہی اسٹیڈیم پہنچیں گے۔ڈپٹی کمشنر گجرات ڈاکٹر خرم شہزاد کی ہدایات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل توقیر الیاس چیمہ، اے سی گجرات محمد جمیل، انتظامی افسران، ریونیو اور میونسپل افسران، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اور انکی ٹیم موقع پر موجود رہیں گی۔ دریں اثناء گجرات پولیس نے کبڈی میچز کے موقع پر سکیورٹی پلان تشکیل دید یا ہے جس کے مطابق 3ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی دینگے ان میں تین ایس پی، تیرہ ڈی ایس پیز، 49انسپکٹر206سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز 2014کانسٹیبل، ایلیٹ فورس کی 41ٹیمیں اور سفید پارچہ جات میں اہلکار موجود ہونگے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے 300اہلکاروں پر مشتمل پندرہ ریزو بھی الرٹ رہیں گے،ا سٹیڈیم میں داخل ہونیوالے شائقین کی تین مقامات پر تلاشی ہوگی، لیڈی کانسٹیبل خواتین کی تلاشی لیں گی جبکہ اسٹیڈیم کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں جنکی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم فعال کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں