گجرات:2ماہ کے کمسن بچے کے اغواء کیس کا ڈراپ سین

گجرات (پ ر)تھانہ اے ڈویژن کے علاقہ سے اغواء ہونے والے 2ماہ کے کمسن بچے کو پولیس نے 24گھنٹوں کے اندربحفاظت بازیاب کروا لیا خاتون سمیت 2اغواء کار گرفتار.تفصیلات کے مطابق تھانہ اے ڈیژن پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ ریلوے روڈ سے 2نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان بھیک مانگنے والی خاتون کی گود سے 2ماہ کے بچے کو چھین کر فرار ہو گئے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سٹی پرویز اقبال گوندل ، ایس ایچ او تھانہ اے ڈویژن عامر شہباز موقع پر پہنچ گئے واقعہ کی حساسیت کی پیش نظر ڈی پی او گجرات بھی فوری موقع پر پہنچے ۔ بچے کے ماموں کی مدعیت میں مقدمہ کا اندراج کیا گیا ۔ ڈی پی او گجرات عمر سلامت نے ڈی ایس پی سٹی کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ سول لائن امیر عباس ،ایس ایچ او اے ڈویژن اور افتخار احمد پر مشتمل ٹیم تشکیل دیکر فوری طور پر ملزمان کو ٹریس کر کے بچے کو بحفاظت بازیاب کروانے کے احکامات جاری کئے ۔ اس دوران خصوصی ٹیم نے سیف سٹی کیمراجات اور دیگر مقامات سے فوٹیج کی مدد سے اغواء کی واردات میں ملوث ملزمان کو ٹریس کر کے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کے بعد 24گھنٹوں کے اندر گرفتار کرکے بچے کو بحفاظت بازیاب کروا لیا ۔ گرفتار ہونے والے ملزمان میں 1 ۔ سہیل شاہ ولد تامل شاہ سکنہ شہانے معین الدین پور2 ۔ نائمہ دختر تامل شاہ شامل ہیں ۔ گرفتار ملزم سہیل شاہ نے دوران انٹیروگیشن انکشاف کیا کہ میری بہن بے اولاد ہے ۔ میرے بہنوئی نے گود بھرنے کے لئے بچے کو اغواء کرنے کا منصوبہ بنایا ۔ میں اور میرا بہنوئی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ریلوے روڈ پر پہنچے اور وہاں پر موجود بھیک مانگنے والی خاتون جسکی ہم نے پہلے سے ریکی کر رکھی تھی کی گود سے بچے کو چھین کر فرار ہو گئے ۔ ملزمان کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتار ی کے لئے پولیس کے چھاپے جاری ہیں ۔بچے کوبحفاظت بازیاب کروانے پربچے کے والدین نے ڈی پی او گجرات اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا ترجمان گجرات پولیس

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں