گجرات:قبرستانوں کے راستوں کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت

گجرات(صابر علی صابر)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر قبرستانوں کے داخلی اور خارجی راستوں کی صفائی یقینی بنائی جائے، ڈینگی سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے قبرستانوں سے پانی کے برتن گڑھے ختم اور جھاڑیوں کا صفایا کیا جائے۔ بلدیاتی اداروں کے سربراہان کے نام مراسلہ میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر بڑی تعداد میں شہری اپنے مرحومین کی قبروں پر فاتحہ خوانی کیلئے قبرستانوں کا رخ کرتے ہیں، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیاں قبرستانوں کے داخلی و خارجی راستوں کی صفائی کیساتھ شہریوں کی سہولت کے لئے یہاں بینرز آویزاں کریں، قبرستانوں میں چونے کی مدد سے راستوں کی نشاندہی کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ افسران صفائی کے لئے امور کی خود نگرانی کریں اور اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس کو رپورٹ دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں