ٹی ٹونٹی ورلڈکپ : پاکستانی ٹیم بھارت کے ایک ہی شہر میں تمام میچز کھیلے گی

لاہور(جے ایم ڈی)پاکستان کی کرکٹ ٹیم رواں برس ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت کے ایک ہی شہر میں کھیلے گی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سکیورٹی خدشات کے باعث ایک شہر تک ہی محدود رکھا جائے گا، قومی ٹیم کے ورلڈکپ کے تمام میچز کلکتہ میں ہی کھیلے جانے کا امکان ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے جنرل کونسل میٹنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور صحافیوں کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دی، جس کے بعد حکومت کو سفارش ارسال کی گئی ہے۔ میگا ایونٹ میں جگہ بنانے کیلئے کوالیفائنگ میچز ہوں گے، جس کیلئے رسائی نہ حاصل کرنے والی ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔گروپ اے میں سری لنکا، آئر لینڈ، عمان جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، ہالینڈ، نمیبیا اور سکاٹ لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ کوالیفائنگ راؤنڈ میں فتح حاصل کرنیوالی ٹیم اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر سکے گی۔ورلڈکپ تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کو گروپ 1 اور گروپ 2 میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ 1 میں پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز سمیت دو کوالیفائنگ ٹیمیں شامل ہوں گی جبکہ گروپ 2 میں بھارت، جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور دو کوالیفائنگ ٹیمیں شامل ہوں گی۔ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا فائنل 15 نومبر کو کھیلا جائیگا۔ بھارت میں کرونا کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر کھلاڑیوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا جبکہ سٹیڈیم میں شائقین کو آنے کی اجازت دینے سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں