بلقیس ایدھی انتقال کرگئیں، وزیراعظم، بلاول ،عمران خان و دیگر کا اظہار افسوس

کراچی(جے ایم ڈی) بابائے انسانیت عبدالستار ایدھی مرحوم کی اہلیہ بلقیس ایدھی 74 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں، وزیراعظم شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ، پنجاب نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔بلقیس ایدھی گزشتہ 6 روز سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں معروف سماجی رہنما شدید علالت کے بعد خالق حقیقی سے جاملیں۔بلقیس ایدھی کو عارضہ قلب لاحق تھا، بلقیس ایدھی کو بلند فشار خون اور ذیابطیس کا مرض بھی لاحق تھا، رمضان سے دو دن قبل بلقیس ایدھی کو دل کا دورہ پڑا تھا۔ بلقیس ایدھی معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی مرحوم کی اہلیہ تھیں اور عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد وہ ایدھی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن بنی تھیں۔ فیصل ایدھی کے مطابق بلقیس ایدھی کی نماز جنازہ کل ادا کی جائے گی اور تدفین میوہ شاہ قبرستان میں ہوگی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے بلقیس ایدھی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہ مرحومہ نے مرحوم عبدالستار ایدھی کے انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھا۔انہوں نے بلقیس ایدھی کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات بلند کرنے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی سماجی کارکن بلقیس ایدھی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ پاکستانی سماج کا ایک مثبت چہرہ تھیں، خدا ان کے درجات کو بلند کرے، بے سہارا یتیم بچوں کی پرورش سے لے کر بے گھر لڑکیوں کی شادیوں تک بلقیس ایدھی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، بلقیس ایدھی نے جھولا پراجیکٹ کے ذریعے ہزاروں انسانی زندگیوں کو بچایا، نصف صدی سے انسانیت کی خدمت کے مشن پر گامزن بلقیس ایدھی کا کردار ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ بلقیس ایدھی صلہ رحمی اور انسانیت کا غیر معمولی استعارہ تھیں، ان کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پر نہ کیا جاسکے گا، ملک و قوم کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کو مقصدِ حیات بنانے والی شخصیت کے انتقال پر قوم سوگوار ہے، رب العزت سے مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہیں، ان کے اہل خانہ اور ایدھی فاؤنڈیشن کے ذمہ داران و کارکنان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلقیس ایدھی نے انسانیت کی فلاح و بہود کیلئے جو خدمات سر انجام دیں انہیں تادیر یاد رکھا جائے گا۔سابق وزیر خارجہ نے مرحومہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے سماجی خدمات کو سراہا اور مرحومہ کی ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی معروف سماجی شخصیت بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کرتے ہوئے مرحومہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے بلقیس ایدھی کی سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ انسانیت کے لئے فخر تھیں، بلقیس ایدھی کی سماجی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں، وہ ہمیشہ دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہیں، مرحومہ نے اپنے شوہر عبدالستار ایدھی کے مشن کو آگے بڑھایا، ان کے انتقال سے ایک عہد ختم ہوا ہے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے معروف سماجی کارکن بلقیس ایدھی کے انتقال پر سوگوار خاندان سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالٰی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے، اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، سماجی خدمات کے شعبے میں بلقیس ایدھی کا نام عرصہ دراز تک یاد رکھا جائے گا، بلقیس ایدھی نے اپنی زندگی دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے وقف کر رکھی تھی، دکھی انسانیت کی بے لوث خدمات کے لئے بلقیس ایدھی کے کاموں کی پوری دنیا معترف ہے، بلقیس ایدھی جیسی شخصیات قوم کے اصل ہیرو ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے سماجی کارکن بلقیس ایدھی کے انتقال پر دلی رنج وغم کا اظہار کیا اور کہا کہ مرحومہ پاکستان کی پہچان تھیں، انہوں نے اپنے شوہر عبدالستار ایدھی کے ساتھ تمام عمر دُکھی انسانیت کی خدمت کی، بلقیس ایدھی کی وفات ایک قومی سانحہ ہے، مرحومہ کی سماجی شعبہ میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں