26تا 28اکتوبر ضلع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا

گجرات(نمائندہ خصوصی) ضلع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، 26اکتوبر سے 28اکتوبر تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے دوران مجموعی طور پر 4لاکھ41ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، یہ تفصیلات چیف ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر لطیف افضل نے ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ کی زیر صدارت اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتائیں، ڈی ایچ اوز ڈاکٹر ذاکر علی رانا، ڈاکٹر ایاز ناصر چوہان، نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر یاسر و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ انسداد پولیو ڈے کے پہلے دن ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے سول ہسپتال کوٹلہ ارب علی خاں، اسسٹنٹ کمشنر سلمان ظفر نے ٹرانزٹ پوائنٹ دریاے چناب، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈی ایچ او ڈاکٹر لطیف افضل نے جی ٹی ایس چوک ٹرانزٹ پوائنٹ کا دورہ کیا، کمسن بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے ا ور انسداد پولیو ٹیموں کی کارکردگی چیک کی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے بتایا کہ 29اور 31اکتوبر کو دو روزہ فالو اپ مہم بھی چلائی جائے گی اس دوران پانچ سال تک عمر کے وہ بچے جو کسی وجہ سے ویکسین سے محروم رہ گئے انہیں کور کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی اور سو فیصد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلانے کیلئے موبائل ٹیموں کی تعداد 896سے بڑھا کر 988کر دی گئی ہے، فکسڈ ٹیمیں اور ٹرانزٹ ٹیمیں بھی مکمل فعال کر دی گئی ہے جبکہ انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والے ورکرز کی تعداد 2164سے بڑھا کر 2515کی جاچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خیمہ بستیوں میں مقیم ہائی رسک پاپولیشن کو پہلے دن کور کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہے، کسی بھی فرد کے پاس بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلانے سے انکار کا آپشن موجود نہیں، والدین انسداد پولیو ٹیم نہ پہنچنے کی صورت میں فون نمبر 0539260105پر شکایت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے تمام محکمے ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں، پولیس انسداد پولیو ٹیموں کو سکیورٹی فراہم کر رہی ہے جبکہ ایجوکیشن، پاپولیشن ویلیفئر، سول ڈیفنس سمیت تمام محکمے، سول سوسائٹی اور میڈیا کا بھی بھرپور تعاون حاصل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں