گجرات:عزیز بھٹی شہید ہسپتال کیلئے13وینٹی لیٹرزکاعطیہ

گجرات (صابر علی صابر) ضلع میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے مخیر حضرات نے عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال کو13وینٹی لیٹرز عطیہ کر دیے ہیں، ایم این اے چوہدری مونس الہی، چوہدری ندیم ملہی، میاں محمد اعجاز، امتیاز کوثر کیطرف سے فراہم کئے جانیوالے ان وینٹی لیٹرز کی مالیت 2کروڑ21لاکھ روپے ہے جو ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کے حوالے کر دیے گئے ہیں، ایم ایس عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر عابد محمود غوری، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زاہد تنویر، چوہدری ندیم ملہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ ایم این اے چوہدری مونس الہی نے اپنی طرف سے عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال کو 7وینٹی لیٹرز دیے ہیں، ممتاز سماجی شخصیات چوہدری ندیم ملہی نے تین، میاں محمد اعجاز آف جی ایف سی فین اور امیتاز کوثر نے مشترکہ طور پر تین وینٹی لیٹرز دیے ہیں، ہر وینٹی لیٹر کی قیمت 17لاکھ روپے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 13نئے وینٹی لیٹرز کی فراہمی سے عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال میں دستیاب وینٹی لیٹرز کی تعداد 28ہو گئی ہے، جبکہ قیمتی عطیہ سے موجودہ کرونا وبا کے دوران اور عام حالات میں ضلعی ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں سنگین صورتحال میں لائے جانیوالے مریضوں کے علاج معالجہ کے استعداد کار میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ڈپٹی کمشنر گجرات نے موجودہ کٹھن حالات میں حکومت اور انتظامیہ کو وسائل کی فراہمی کیلئے کثیر سرمایہ خر چ کرنے پر ایم این اے چوہدری مونس الہی، چوہدری ندیم ملہی، میاں اعجاز اور امتیاز کوثر کی کاوشوں کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں