گولڈن ٹرائی اینگل ایکسپو سنٹر کی اراضی کے تعین کیلئے صدور کا سائیٹ کا وزٹ

گجرات(نمائندہ خصوصی) گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ چیمبر کے صدور نے گولڈن ٹرائی اینگل ایکسپو سنٹر کی اراضی کا تعین کرنے کے لئے سائیٹ کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر صدر گجرات چیمبر چوہدری وحید الدین ٹانڈہ، گوجرانوالہ چیمبر کے صدر عمر اشرف، سیالکوٹ چیمبر کے صدر قیصر اور سابق صدر گجرات چیمبر طارق بلال ملک، ثوبان ظہیر بٹ، سابق سینئر نائب صدر خرم الطاف بھٹی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صدر چوہدری وحید الدین ٹانڈہ نے بتایا کہ گولڈن ٹرائی اینگل ایکسپو سنٹر کی اراضی کا تعین کرنے کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں اور آئندہ ہفتے گوجرانوالہ اور سیالکوٹ چیمبر کے صدور گجرات آئیں گے اور وزیرآباد کے قریب سوہدرہ میں بھی سائیٹ کا وزٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تینوں چیمبروں کے صدور نے فیصلہ کیا ہے کہ متفقہ طور پر ایکسپو سنٹر کی جگہ کا تعین کیا جائے گا تاکہ گورنمنٹ آف پاکستان جلد سے جلد اس اراضی کیلئے اقدامات کرے تاکہ گولڈن ٹرائی اینگل ایکسپو سنٹر کی تعمیر بھی فوری شروع ہو۔ انہوں نے کہا کہ نیک نیتی سے ہم کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گولڈن ٹرائی اینگل کی ایک کمیٹی متحرک ہو چکی ہے۔ انشاء اللہ تعالیٰ اب گولڈن ٹرائی اینگل ایکسپو سنٹر کی تعمیر ہمارا مشن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں