کنجاہ پولیس نے مویشی چور پانچ رکنی گینگ گرفتار کرلیا، 10لاکھ کے مویشی برآمد

گجرات(نمائندہ خصوصی)کنجاہ کے علاقہ میں مویشی چوری کی وارداتوں پر قابو پانے اور چوری میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے ڈی پی او توصیف حیدر نے ڈی ایس پی صدر سعید احمد اور ایس ایچ او کنجاہ عامر سعید کو خصوصی ٹاسک دے رکھا تھا۔جنہوں نے انتہائی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مویشی چوری کی وارداتیں کرنے والے گینگ کو انتہائی کم عرصہ میں ٹریس کرلیا۔ پانچ رکنی گینگ نے کنجاہ اور گردونواح کے دیہات سے قربانی کے جانوروں سمیت لاکھوں روپے مالیت کی قیمتی بھینسیں اور گائے چوری کی وارداتیں کررکھی تھیں۔ اس خطرناک گینگ کی گرفتاری کے لئے ایس ایچ او تھانہ کنجاہ عامر سعید او راے ایس آئی افتخار احمد کی سربراہی میں پولیس ٹیموں نے مختلف جگہوں پر ریڈ کرکے پانچوں ملزمان کو مال مسروقہ سمیت گرفتار کرلیا۔ مویشی چور گینگ میں قاسم علی ولد محمد یوسف،حسن ارشد ولد محمد ارشد،وسیم عباس ولد محمد آصف،فرید حسین ولد نذیر احمد اور محمد سلیمان ولد فرید حسین سکنائے قلعدار شامل ہیں۔ جن کے قبضہ سے 10لاکھ پچاس ہزار مالیت کے ویڑھے،بھینسیں اور گائے برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کردیئے گئے ہیں۔ جبکہ گینگ کی مزید انٹیروگیشن جاری ہے۔ لاکھوں روپے مالیت کے جانور واپس ملنے پر کسانوں نے ڈی پی او توصیف حیدر اور گجرات پولیس کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ڈی پی اوگجرات نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائیں گے،انہوں نے مزید کہا کہ قربانی کے جانور چوری کرنے والے ملزمان کے خلاف بھی گجرات پولیس پوری طرح متحرک ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں