ڈی سی کا سرکاری ہسپتالوں سبزی و فروٹ منڈی اور سہولت بازاروں اور ڈسپوزل کا دورہ

گجرات(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے اسسٹنٹ کمشنر آفس، سول ہسپتال کوٹلہ ارب علی خاں، بنیادی مرکز صحت دولت نگر،سبزی و فروٹ منڈی، کالرہ ڈسپوزل اور سہولت بازاروں کا اچانک دورہ کیا، اسسٹنٹ کمشنر وقار حسین خاں، چیف آفیسر محمود اقبال گوندل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر نے اے سی آفس گجرات کی مختلف برانچوں کا معائنہ کیا، وہاں موجود شہریوں سے افسران و اہلکاروں کے رویہ کے بارے دریافت کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ افسران و عملہ اپنی ذمہ داریاں دیانت داری سے ادا کریں، بد عنوانی کی شکایات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی، کرونا سے بچاؤ کیلئے حکومتی ہدایات کے مطابق ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے سول ہسپتال کوٹلہ ارب علی خاں، دولت نگر کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور مریضوں سے طبی سہولیات، ادویات، ٹیسٹوں کی سہولت بارے دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کالرہ ڈسپوزل کے دورہ کے موقع پر عملہ کی حاضری چیک اور اسٹیشن پر نصب موٹرز کی پرفارمنس بارے دریافت کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈسپوزل اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہر میں نکاسی آب کے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے سہولت بازار کوٹلہ ارب علی خاں، لالہ موسیٰ اور جلالپور جٹاں میں مختلف سٹالز کا دورہ کیا، خریداروں سے ان اشیاء کی کوالٹی، قیمتوں کے بارے میں دریافت کیا اور بازاروں کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں