ڈپٹی کمشنر نے جلالپور جٹاں روڈ کا اچانک دورہ کیا

گجرات۔(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے جلالپور جٹاں روڈ اور گورنمنٹ مشن ہائی سکول کا اچانک دورہ کیا، سڑک کی تعمیر، سکول میں زیر تعمیر بلاک پر کام کا معائنہ کیا نیز مقامی فلور ملز کے گودام اور ریکارڈ کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر نے 50کروڑ روپے لاگت سے جلالپور جٹاں روڈ پر کام کا معائنہ کیا اورہائیویز ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ منصوبے پر31مئی تک کام مکمل کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے گیپکو افسران کو ہدایت کی کہ جلالپور جٹاں روڈ پر 107پولز کی شفٹنگ کا عمل فوری شروع کیا جائے اورایک ماہ کے دوران یہ عمل مکمل کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ گورنمنٹ مشن ہائی سکول گجرات کا دورہ کیا، مختلف کلاس رومز میں جاکر طالبات سے بات چیت کی اور سکول میں جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے مشن ہائی سکول کے دورہ کے موقع پر طالبات سے ملاقات کی اور آئندہ امتحان کی تیاری کے حوالے سے دریافت کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکول میں جاری تعمیراتی کام بروقت مکمل کی جائے، سکول انتظامیہ جاری منصوبہ کی نگرانی رکھیں۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے العابد اینڈ برکت فلور ملز کے دورہ کے موقع پر کوٹہ کے تحت فراہم کی جانیوالی گندم کے سٹاک، آٹا اور مارکیٹ میں سپلائی کا ریکارڈ چیک کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں