پاکستان میں سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی نوکریاں کون سی ہیں؟

پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں اس وقت بے روزگاری ایک بہت بڑا مسئلہ ہے جبکہ کووڈ 19 کی حالیہ وبائی صورتحال نے روزگار کی فراہمی کو مزید مسائل سے دوچار کردیا ہے۔
پڑھے لکھے نوجوانوں کو ملازمت کی تلاش میں بدستور مشکلات درپیش ہیں اور اگر آپ کیرئیر کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں یا ابھی شروعات کر رہے ہیں تو ایسی نوکری تلاش کرنا آپ کے بہترین مفاد میں ہوسکتا ہے جس میں ٹیکنالوجی کی تبدیلی، قدرتی آفات اور کام کے رجحانات کی تبدیلی کے باوجود نوکری ختم ہونے کا خوف نہ ہو۔ اگرچہ پرکشش تنخواہیں کچھ لوگوں کی پہنچ سے باہر نظر آتی ہیں لیکن تجربے، تعلیم اور قابلیت کے صحیح امتزاج سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
پاکستان میں سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی ملازمتوں کی اس فہرست کو استعمال کرکے آپ اپنے لیے ایک بہترین کیریئر کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
1۔ سیلز منیجر (Sales Manager)
کمپنی کا مکمل سیلز پروسیس سیلز مینیجر کے ماتحت ہوتا ہے۔ وہ نئے ملازمین کی خدمات حاصل کرنے اور فروخت کی حکمت عملی بنانے اور اس پر عمل درآمد کراتے ہیں۔ یہ پاکستان میں تیزی سے بڑھتے ہوئے کیریئر میں سے ایک ہے۔ سیلز منیجرز کو کمپنیاں اچھی تنخواہیں دیتی ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنے مستقبل کو لیکر پر امید رہتے ہیں۔
2۔ شماریات دان (Statisticians)
پاکستان میں شماریات کے ماہرین کے لیے بہت ساری ملازمتیں ہیں، اس لیے اسکی ڈگری کے حامل کسی فرد کے لیے ملازمت تلاش کرنا مشکل نہیں ہے۔ شماریاتی تجزیہ کار کاروباری اداروں کو فیصلے کرنے میں مدد کرنے کے لیے ڈیٹا اکٹھا کرکے تجزیہ پیش کرتے ہیں۔ کارپوریٹ مینیجرز اور اسٹیک ہولڈرز کے سامنے اپنے نتائج پیش کرنے سے پہلے وہ فائلوں کی ایک رینج پر کام کرتے ہیں اور ڈیٹا کے رجحانات کو سمجھنے کے لیے اپنی ریاضی کی مہارت کا استعمال کرتے ہیں۔
3۔ سپلائی چین مینیجر (SCM)
سپلائی چین مینجمنٹ پاکستان میں سب سے زیادہ معاوضہ دینے والی ملازمتوں میں سے ایک ہے۔ سپلائی چین مینیجر کمپنی کے سامان کی تیاری اور ترسیل سے متعلق تمام لاجسٹکس کی منصوبہ بندی اور اسے کنٹرول کرتا ہے۔ سپلائی چین مینیجرز پروڈکٹ کے مکمل لائف سائیکل کے انچارج ہوتے ہیں۔ پاکستان میں سپلائی چین مینجمنٹ ایک بہت عام موضوع ہے اور اس کی ڈگری حاصل کرنے والے آسانی سے اچھی نوکری تلاش کرسکتے ہیں۔
4۔ پروفیشنل کونسلر (Professional Counselor)
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کیرئیر کونسلنگ کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، پروفیشنل کونسلرز کیریئر کے حوالے سے رہنمائی اور خود اعتمادی کو بڑھانے میں مدد فراہم کرتے ہیں اور ہر کلائنٹ سے معقول فیس وصول کرکے اچھی رقم کمالیتے ہیں۔
5۔ فزیو تھراپسٹ اسسٹنٹ (Physical Therapist Assistants)
فزیکل تھراپسٹ اسسٹنٹ جسمانی معالجین کی ہدایت اور نگرانی میں ورزش، مساج اور علاج کے دیگر طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے مریضوں کا علاج کرتے ہیں۔ پاکستان میں فزیکل تھراپسٹ اسسٹنٹ کو 140,000 سے 3 لاکھ روپے تک تنخواہ آفر کی جاتی ہے۔
6۔ مترجم (Translators)
پاکستان میں مترجمین اور ترجمانوں کے لیے بہت سی نوکریاں ہیں۔ چونکہ زیادہ سے زیادہ فرمز بین الاقوامی سامعین تک رسائی چاہتی ہیں جس کیلئے انہیں مترجم کی ضرورت پڑتی ہے، مترجم یقینی طور پر تیزی سے بڑھتے ہوئے کیریئر میں سے ایک ہے۔
7۔ سافٹ ویئر ڈویلپرز (Software Developers:)
سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ پاکستان اور پوری دنیا میں تیزی سے بڑھتی ہوئی ملازمتوں میں سے ایک ہے۔ سافٹ ویئر ڈویلپرز پروگرامنگ اور ڈیزائن کی مہارتوں کا استعمال کرکے کلائنٹ کی ہدایات کے مطابق سافٹ ویئر تیار کرکے دیتے ہیں۔
8۔ آپریشن ریسرچ اینالسٹ (Operation Research Analyst)
آپریشن ریسرچ اینالسٹ فیصلہ سازوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ کسی مسئلے سے کیسے رجوع کیا جائے۔ آپریشنز ریسرچ انالسٹ منطق اور ریاضی کا استعمال کرتے ہوئے مسئلہ حل کرنے میں کاروباری کمپنیوں کو مدد فراہم کرتے ہیں، پاکستان میں بہت سی کمپنیز آپریشن ریسرچ اینالسٹ کی خدمات حاصل کر رہی ہیں۔
9۔ صنعتی انجینئرز (Industrial Engineers)
پاکستان میں صنعتی انجینئرز کا دائرہ کافی وسیع ہے کیونکہ وہ آج کل تقریباً ہر صنعت میں استعمال ہوتے ہیں۔ کیمیکل، مینوفیکچرنگ، ہارڈویئر، ٹیکنالوجی، اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبوں سمیت تمام فیکٹریوں اور صنعتوں میں انڈسٹریل انجینئرز کی ضرورت ہے جہاں انہیں بھاری معاوضے کے پیکیج ملتے ہیں۔
10۔ الیکٹرک انجینئرز (Electric Engineers)
پاکستان میں الیکٹریکل انجینئرز کی بہت زیادہ مانگ ہے اور ان کا دائرہ کار بہت وسیع ہے، الیکٹریکل انجینئرز کے پاس پاکستان میں کسی بھی دوسرے شعبے کے انجینئرز کے مقابلے میں روزگار کے زیادہ مواقع ہوتے ہیں، پاکستان میں الیکٹریکل انجینئرز کو 50,000 سے 100,000 تک تنخواہ آفر کی جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں