نبی کریم ﷺ کا اسوہئ حسنہ دنیا و آخرت میں کامیابی کا واحد ذریعہ ہے: سیف انور جپہ

گجرات (نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کا اسوہئ حسنہ دنیا و آخرت میں کامیابی کا واحد ذریعہ ہے، دشمنان اسلام کے مقابلے میں خود کو مضبوط بنانے کیلئے ہمیں اپنے کردار و عمل کو ایسا بنانا ہوگا جو آپ ﷺ کی تعلیمات کے عین مطابق ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات چیمبر آف کامرس میں ہفتہ شان رحمت العالمین ﷺکے سلسلہ میں منعقدہ سیرت کانفرس میں کیا،صدر چیمبر آف کامرس وحیدالدین ٹانڈہ،سعید احمد گجراتی، پروفیسرسرفراز حسین جعفری،صاحبزادہ غلام بشیرنقشبندی، امیر جماعت اسلامی پنجاپ ڈاکٹرطارق سلیم، پروفیسر مظہر قادری، حاجی ناصر محمود، باؤ منیر پشاوری، حسن عادل، حماد اسلم سمیت دیگر تاجر تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ دشمنان اسلام پر فتح اور غلبہ کیلئے آپ ﷺ کے اخلا ق حسنہ کو اپنا نا ہر مسلمان پر فرض ہے، ہفتہ شان رسالت کے انعقاد کا مقصد نئی نسل کو تعلیمات نبویﷺ سے متعارف کرانا ہے۔ صدر گجرات چیمبر آف کامرس وحیدالدین ٹانڈہ نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان کسی بھی فرد کو آزادی اظہار رائے کی آڑ میں آپ ﷺ کی شان میں گستاخی کی اجازت نہیں دے سکتاانہوں نے کہا کہ سید الانبیاء خاتم النبین ﷺ کی ولات باسعادت کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے، اعلان نبوت سے قبل چالیس سالہ زندگی میں آپ ﷺ اپنے قول فعل، حسن اخلاق سمیت عملی زندگی کے ہر شعبہ میں بے مثل اور کامل انسان کے طور پر خود کو منوایا۔ علامہ غلام بشیر نقشبندی نے کہا کہ اچھے اخلاق میں سب سے کامل نمونہ آپ ﷺ کی ذات ہے آپکی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر اہل عرب نے علم و فضل اور شجاعت کی عظیم داستانیں رقم کی، زندگی و آخرت کی کامیابی شرط یہ ہی ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیر ا ہوا جائے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرت ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے۔ نبوت کے اعلان سے قبل عرب اپنی بیٹیوں کو زندہ درگور کردیتے تھے، قافلوں کو لوٹنا اپنا حق سمجھتے اور خانہ کعبہ کا طواف کپڑے اتار کر کرتے، میلوں میں اپنے بوڑھے والدین کو فروخت کرتے تھے۔حضور ﷺ نے لوگوں تک اللہ کا پیغام پہنچایا، انہیں سیدھے راستے پر چلنے کی تلقین کی۔ محمد ﷺ صادق اور امین تھے۔ سابق ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ سید سعید احمد شاہ گجراتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں محبوب ِ خدا کو اپنا محبوب بنا لینا چاہئے۔ ایسا کرنے سے اللہ ہمیں اپنا محبوب بنا لے گا اور ہمارے گناہوں کو بھی معاف کر دے گا، اللہ تعالیٰ کی ذات غفور و رحیم ہے۔ اللہ تعالیٰ نے حضور اکرم ﷺ کو سیرت میں بھی اعلیٰ بنایا، صورت میں بھی اعلیٰ بنایا، اخلاق بھی عظیم عطا فرمایا، منبعئ شجاعت بنایا۔ ہمیں اپنی زندگی رسول اللہ ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر گزارنی چاہئے اسی میں ہماری فلاح ہے۔ پروفیسر سرفراز حسین جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد ﷺ کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا ہے۔ روزانہ 5 وقت صدائیں بلند ہوتی ہیں، آؤ بہتری کی طرف، آؤ اصلاح کی طرف۔ اللہ تعالیٰ انسانوں کو اپنی طرف بلاتا ہے کہ وہ آئیں اور اللہ تعالیٰ کا قرب اور اس کی خوشنودی حاصل کریں۔ ہمارے نبی ﷺ نے سب سے زیادہ عبادتیں کیں، اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کیا۔اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ مجھ سے دعائیں کرو، میری طرف آؤ تاکہ میں تمہاری دعاؤں کو قبول کروں۔ آج کا پیغام یہی ہے کہ رب کا بلاوا ہمارے لئے مسلسل ہے۔ ہمیں حضور ﷺ کی سیرت کو اپنانا چاہئے، ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا چاہئے، اپنے رب کیلئے ہمیں وقت ضرور نکالنا چاہئے۔ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے آخر میں فرانس میں خاکوں کی اشاعت کے خلاف قرارداد منظور کی گئی جو کہ صدر چوہدری وحید الدین ٹانڈہ نے پیش کی۔ آخرمیں مقررین کو شیلڈیں بھی پیش کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں