موجودہ وقت سیاست کرنیکا نہیں کرونا سے لڑنے اور ڈرنے کا ہے: سلیم سرور جوڑا

گجرات(محمود اختر محمود) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال چوہدری سلیم سرور جوڑانے کہا ہے کہ موجودہ وقت سیاست کرنے کا نہیں بلکہ کرونا سے لڑنے کا ہے ڈرنے کا نہیں۔کرونا وائرس کے چیلنج سے مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ عوام انتظامیہ کا ساتھ دیں کیونکہ انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کرونا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ا س کا واحد حل بھی احتیاطی تدابیر ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وائرس کا مقابلہ سنجیدگی سے کیا جائے۔ پوری دنیا کے ترقی یافتہ ممالک بھی اس وائرس سے نمٹنے کیلئے اپنے ملکوں کا لاک ڈاؤن کر چکے ہیں۔ ہمارے ملک میں بھی کرونا کا واحد حل لاک ڈاؤن ہی ہے اورعوام کو سنجیدگی سے اس وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے خود کو اپنے گھروں میں بند کرنا ہو گا۔ چوہدری سلیم سرور جوڑا کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے محدود وسائل کے باوجود کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے جو اقدامات کئے ہیں اس میں عوام کو تعاون کرنا چاہئے کیونکہ پاکستا ن کا شمار ترقی پذیر ممالک میں ہوتا ہے۔ چوہدری سلیم سرور جوڑا نے مزید کہا کہ عوام گھر میں رہیں، محفوظ رہیں۔ پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ عوام نرمی سے پیش آئیں۔ حکومت کا کام عوام کو آگاہی دینا ہے۔ تنگ کرنا نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں