مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کیلئے ریٹ لسٹوں پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے: نوید شیرازی

گجرات (نمائندہ خصوصی)ممبر بورڈ آف ریونیو (جوڈیشل) سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کیلئے ڈیمانڈ کے مطابق مارکیٹ میں اشیائے خورد و نوش کی سپلائی، ریٹ لسٹیں نمایاں مقام پر آویزاں اور ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، پھلوں، سبزیو ں کی قیمتوں میں کمی کیلئے پھڑیے کا کردار ختم کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی کمپلکس میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے ممبر بورڈ آف ریونیو کو بریفنگ دی، اے ڈی سی ریونیو سید نزارت علی شاہ، اے سی ڈی فنانس /فوکل پرسن ظہیر لیاقت، اے سی سلمان ظفر، ڈی ایف سی، چیف آفیسرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ ضلع میں 10سہولت بازار قائم کئے گئے ہیں، شہریوں کو مقررہ نرخوں پر اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کیلئے ریلوے روڈ گجرات اور نیک عالم مارکیٹ کھاریاں کو کلسٹر ڈیکلیر کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فلور ملز کی نگرانی سخت کردی گئی ہے اور ڈیمانڈ کے مطابق چینی کی سپلائی کیلئے شوگر ملز سے رابطہ کیا گیا ہے اسی طرح نگرانی کا عمل موثر بنانے کیلئے افسران اور ٹائیگر فورس کو ذمہ داریاں دی جارہی ہیں۔ ممبر بورڈ آف ریونیو (جوڈیشل) سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے مہنگائی کی جاری لہر کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور پرائس کنٹرول کیلئے اعلیٰ ترین سطح پر انتظامی اقدامات کی نگرانی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں کم کرنے کیلئے آڑھتی اور پھڑئیے کا گٹھ جوڑ ختم کرنا ہوگا،مارکیٹ کمیٹی کے افسران منڈی میں لائے جانے تمام اشیا کی نیلامی کے بعد متوازی ریٹس مقرر کریں جبکہ پرائس مجسٹریٹس ان ریٹ پر ہرصورت عملدرآمد یقینی بنائیں۔ممبر بورڈ آف ریونیو نے واضح کیا کہ دکانوں پر ڈی سی ریٹس نمایاں مقام پر آویزاں کراوئے جائیں،ڈی سی کونٹر پر معیاری اشیاء موجود ہونی چاہئے اور جو دوکاندار ریٹ لسٹ پر عمل نا کرے اسے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرائس مجسٹریٹس، فوڈ ڈیپارٹمنٹ، مارکیٹ کمیٹی،زراعت کے افسران و عملہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے فعال کردار ادا کریں،غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے براہ راست حکومت کو رپورٹ کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں