عمران خان کی کرپشن کی داستانیں سامنے آئیں تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے، مریم نواز

گوجرانوالہ(جے ایم ڈی) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی کرپشن کی داستانیں سامنے آئیں تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے، لاہور سے گوجرانوالہ تک ایک ہی نعرہ ہے گو نیازی گو، لوگ وعدہ کریں کہ آئندہ کسی کو بھی اپنے ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔یہ بات انہوں ں ے گوجرانوالہ میں اپوزیشن اتحاد کے حکومت مخالف پہلے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اسٹیج پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پشتونخوا عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، (ن) لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی، پی پی رہنما قمر زمان کائرہ، اسفند یار ولی، سینیٹر ساجد میر، جاوید ہاشمی اور دیگر بھی موجود ہیں۔ لندن سے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے جلسے میں شرکت کی اور خطاب کیا۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی کرپشن کی داستانیں جب عوام کے سامنے آئیں گی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے، عمران خان یاد رکھو حالات بدلتے ہوئے دیر نہیں لگتی، لوگ مجھ سے وعدہ کریں کہ آٹا، چینی چوروں سے حساب لیں گے اور آئندہ کسی کو اپنے ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کون کہتا تھا کہ میرے خلاف اگر پانچ لوگوں نے بھی نعرہ لگایا تو استعفی دے دوں گا، آپ خود جائیں گے یا عوام اٹھا کر باہر پھینک دیں۔جلسہ گاہ روانگی سے قبل مریم نواز نے خطاب میں کہا کہ اللہ کا نام لے کر عوام کے لیے جدوجہد کرنے میدان میں نکلے ہیں، آج جمعہ کے مبارک دن پر 22 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے نکلے ہیں، سب کو دعوت دیتی ہوں کہ وہ باہر نکلیں اور اس ریلی میں شریک ہوں تاہم سرکاری و انتظامی ادارے اس قافلے کے راستے میں نہ آئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں