شہریوں کو صحت عامہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی بنیادی ہدف ہے، سیف انور جپہ

گجرات(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ شہریوں کو صحت عامہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی بنیادی ہدف ہے، مخیر حضرات شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، ہسپتالوں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ مریضوں کو ہسپتال سے ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں، کنسلٹنٹ سے بھی کہا ہے کہ باقاعدگی سے وارڈز کا دورہ کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن بہبودی مریضاں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صدر انجمن میاں محمد اعجاز سیکرٹری جاوید بٹ، امتیاز کوثر نے بھی اظہار خیال کیا. صدر انجمن بہبودی مریضاں میاں محمد اعجاز نے بتایا کہ گزشتہ سال انجمن نے 10 لاکھ 56 ہزار سے زائد مریضوں کو 10 کروڑ 26 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مفت ادویات فراہم کی ہیں، ہسپتال کی لیب، سرجیکل آلات، ڈائیلسز مشینوں کی فراہمی سمیت 10 منصوبہ جات مکمل کئے گئے ہیں. انہوں نے بتایا کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال کو جو ادویات درکار ہوں انجمن فراہم کرنے کو تیار ہے. ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے انجمن بہبودی مریضاں کے کردار کو زبردست سراہا اور کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں عام طور پر کم آمدن والے افراد علاج کے لیے آتے ہیں، ڈاکٹرز سے کہا ہے کہ انہیں معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں، زیر علاج مریضوں سے باہر سے ادویات منگوانا، پرائیویٹ لیبز سے ٹیسٹ برداشت نہیں. ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال اور میڈیکل کالج کی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات زیر غور ہیں، اس حوالے سے حکومتی سطح پر مسائل سے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کو آگاہ کیا ہے جبکہ مقامی مسائل باہم کوآرڈینیشن سے حل کئے جائیں گے۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری جاوید بٹ نے بتایا کہ سابقہ ماہ کی کارروائی رپورٹ پڑھ کر سنائی جس کی ہاؤس نے توثیق کی۔انہوں نے ڈی سی گجرات کو بتایا کہ کڈنی سنٹر کی بنیاد بھی انجمن بہبودیئ مریضاں کے ممبران نے رکھی جو کہ آج بڑا ادارہ بن چکا ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ ہر سال انجمن بہبودیئ مریضاں ایم اے چوہدری سے آڈٹ کرایا جاتا ہے اور پنجاب چیرٹی میں بھی انجمن بہبودیئ مریضاں کو رجسٹرڈ کرا لیا گیا ہے۔ عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی انتظامیہ کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں اور سابق ڈی سی ڈاکٹر خرم شہزاد کے تعاون سے بے تحاشہ پراجیکٹس کئے۔ امتیاز کوثر نے مطالبہ کیا کہ نئے ڈی سی گجرات ہمارے ہم خیال ہیں اور امید ہے کہ وہ صحت کے معاملے میں گجرات میں بہتری لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کے دوران پنجاب بھر میں گجرات کی کارکردگی نمایاں رہی اور 25 وینٹی لیٹر عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال ٹیچنگ ہسپتال کے نام سے چل رہا ہے مگر اس میں ٹیچنگ والی کوئی بات نہیں۔ 143 بیڈ والی وارڈیں خالی پڑی ہیں اور اس میں ہسپتال کی انتظامیہ کا کوئی قصور نہیں۔ آرتھو کے مریضوں کو صحیح طرح ٹریٹ نہیں کیا جاتا اور یہ بھی ٹیچنگ والا مسئلہ ہے۔ ڈاکٹر عابد غوری نے بتایا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ نئے ڈی سی سیف انور جپہ ایک ذمہ دار آفیسر ہیں اور انہوں نے آتے ہی صحت کے معاملے میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انشاء اللہ تعالیٰ ہم عزیز بھٹی شہید ہسپتال کو بہتر کرنے میں ٹیم ورک کے ساتھ کام کریں گے۔ اس موقع پر محمد یعقوب سیٹھی کی طرف سے ایک لاکھ روپے کا عطیہ بھی دیا گیا۔ اجلاس میں فنانس سیکرٹری شیخ افضال الرحمان شاد نے ماہانہ کارکردگی کے بارے میں بتایا جبکہ سید شوکت وسیم، حاجی محمد ریاض، خادم حسین سلیمی، شیخ شوکت فاروق، امتیاز کوثر، مرزا خالد، ٹھیکیدار لیاقت علی، حاجی صغیر احمد، ملک محمد حسین اعوان، ناہید اشرف طور، ساجد راٹھور، چوہدری امتیاز، پرویز اقبال، نگہت اقبال قریشی بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں