شہباز شریف کی گرفتاری نیب نیازی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے: عابد رضا

گجرات (نمائندہ خصوصی) ممبر قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا صدر مسلم لیگ ن گوجرانوالہ ڈویژن نے اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کی گرفتاری پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں شہباز شریف کی گرفتاری نیب نیازی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، اے پی سی کے بعد اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریاں اور نیب کے نوٹسز عمران نیازی کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔ میاں شہباز شریف نے پاکستان کی عوام کی دن رات خدمت کی، نیب سیاسی انتقام کا ادارہ بن چکا، نیب کی گرفتاریوں کے فیصلے پہلے ہی میڈیا پر حکومتی وزراء بتا دیتے ہیں۔میاں شہباز شریف کی گرفتاری سیاسی انتقام کی بد ترین مثال ہے، حکومتی وزراء عوام کو دن رات لوٹ رہے ہیں، نیب کو پشاور میٹرو، مالم جبہ سمیت چینی اور ادویات سکینڈل میں کرپشن کیوں نظر نہیں آتی؟ وزیر اعلیٰ کے طور پر شہباز شریف نے خدمت، امانت و دیانت کی شاندار مثال قائم کی، پاکستان کے عوام، غیر ملکی حکومتوں اور عالمی اداروں نے شہباز شریف کی خدمات کا اعتراف کیا۔سب جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی حکومت اس بدترین انتقام کی ذمہ دار ہے اور آج جو سلوک وہ مخالفین کے ساتھ روا رکھیں گے کل اس کے لئے انہیں بھی تیار رہنا چاہئیے، یہی نظام قدرت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں