سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی نیلامی کے موقع پر منڈیوں میں موجود گی یقینی بنائیں: ڈپٹی کمشنر

گجرات (نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے ہدایت کی ہے کہ سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی نیلامی کے موقع پر منڈیوں میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، منڈیوں میں فروخت کیلئے لائی جانے والی پھلوں اور سبزیوں کی مکمل تفصیلات ضلع انتظامیہ کو فراہم کی جائیں، نیلامی کے بعد مناسب منافع شامل کرکے پھڑیئے کیلئے ریٹ مقرر کئے جائیں اور انہیں ریٹ کارڈز جاری کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مارکیٹ کمیٹیوں کے سکرٹریزاور انسپکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ڈپٹی کمشنر نے شاہ تاج فلور مل، العابد اینڈ برکت فلور مل اور برھان فلور مل کا بھی دورہ کیا اور الصبح سبزی منڈی گجرات میں اپنی نگرانی میں نیلامی کروائی۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے مارکیٹ کمیٹیوں کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اچھا کام کریں گے وہ ہی ضلع گجرات میں رہیں گے ناقص کارکردگی کا مظاہر کرنے والوں کو یہاں سے فارغ کردیا جائیگا۔ سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی یقینی بنائیں کہ سبزیوں اور پھلوں کے ریٹس قابل قبول ہوں، صبح 9 بجے تک ریٹ لسٹیں تاجروں کو فراہم کر دی جائیں، منڈیوں میں ریٹ بورڈز لگوائے جائیں اور انہیں روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کیا جائے،مارکیٹ کمیٹی کے انسپکٹر اور عملہ یونیفارم میں ملبوس رہ کر ڈیوٹی دیں اور اپنے تجربے کی روشنی میں ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کا سراخ لگانے کیلئے کر دار ادا کریں۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے فلور ملز کے دورہ کے موقع پران کے گوداموں کا معائنہ کیا اور ریکارڈ چیک کیا، ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ فلور ملز کو کوٹہ پر فراہم کی جانے والی گندم کی پسائی اور آٹے کی مارکیٹ میں سپلائی کی نگرانی کے لئے افسران کا تقرر کر دیا گیا ہے، یقینی بنا یا جائے گا کہ مارکیٹ میں حکومت کے مقرر کردہ نر خوں کے مطابق معیاری آٹا فراہم کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں