تحصیل کونسل اور مئیر کا الیکشن بھر پور طریقہ سے لڑینگے مخالفین کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے: سعادت نواز

گجرات(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ کے راہنما وسابق تحصیل ناظم چوہدری سعادت نوا زاجنالہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحصیل کونسل الیکشن اور میئر گجرات الیکشن بھرپور طریقے سے لڑیں گے اور مخالفین کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے انہوں نے کہا کہ میئر گجرات بی بی ثمیرہ الٰہی منتخب ہو کر گجرات کے لوگوں کی خدمت کریں گی اور تحصیل کونسل کے چیئرمین کا الیکشن بھی قائدین کے فیصلہ پر لڑا جائے گا چوہدری سعادت نوا زاجنالہ نے مزید کہا کہ مخالف جماعت میں ن م ل جو بھی جماعت سامنے آئے گی اسے ناکوں چنے چبوائیں گے، پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی قیادت کی پنجاب میں کارکردگی سب کے سامنے ہیں مختلف اضلاع اور حلقوں سے سابقہ ممبران اسمبلی، بلدیاتی نمائندے پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہو رہے ہیں انشاء اللہ بلدیاتی الیکشن آج ہوں یا کل پاکستان مسلم لیگ پنجاب میں نمایاں کامیابی حاصل کریگی، انہوں نے کہا کہ گجرات کی صورتحال کے مطابق این اے 68،69،70،71میں پاکستان مسلم لیگ کے تحصیل کونسل کے چیئرمین بھی نامزد کئے جائیں گے اور تمام حلقوں کی یونین کونسلز اور دیہاتوں میں نمائندے بھی کھڑے ہونگے اس طرح تمام حلقوں سے پاکستان مسلم لیگ بھرپور طریقے سے الیکشن لڑے گی اور مستقبل کے جنرل الیکشن میں گجرات کے چار ایم این اے اور آٹھ ایم پی اے پاکستان مسلم لیگ کی طرف سے نامزد کردہ امیدوار ہی منتخب ہونگے ضلع گجرات پہلے بھی پاکستان مسلم لیگ کا قلعہ تھا اور آئندہ بھی ہوگا اس کے اثرات گوجرانوالہ ڈویژن سمیت پورے پنجاب پر مرتب ہونگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں