ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید نزارت علی کی زیر صدارت گھی چینی کے ڈیلرز کیساتھ اجلاس

گجرات(نمائندہ خصوصی) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید نزارت علی کی زیر صدارت گھی چینی کے ڈیلرز اور کریانہ ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سٹیک ہولڈرز سہولت بازاروں میں گھی،چینی، چاول اور کریانہ کی مختلف اشیا کے سٹالز لگائیں گے اور تمام اشیااوپن مارکیٹ کیلئے مقرر کردہ نرخوں سے کم قیمت پر فروخت کی جائے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی ریونیو سید نزارت علی نے ڈیلرز اورایسوسی ایشن کے نمائندوں کی طرف سے سہولت بازاروں میں کم قیمت پر اشیا کی فروخت کیلئے رضامندی پر ان کے جذبے کو سراہا اور اسسٹنٹ کمشنرزکو ہدایت کی کہ اس حوالے سے تاجروں کے ساتھ کوآرڈینیشن کرکے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ایگریکلچراور مارکیٹ کمیٹی کے افسران تمام سہولت بازاروں میں کسان پلیٹ فارم کے قیام کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اے ڈی سی ریونیو نے سہولت بازار شاہ جہانگیر روڈ لالہ موسیٰ و سرائے عالمگیر کا دورہ کیا جہاں اسسٹنٹ کمشنرز سلمان ظفر اور فیصل عباس مانگٹ نے بریفنگ دی۔اے ڈی سی ریونیو نے سہولت بازار میں موجود خریداروں سے سٹالز پر موجود اشیاء کی کوالٹی، معیار، قیمتوں میں ریلیف کے حوالے سے دریافت کیا۔ انہوں نے سہولت بازار میں لائیو سٹاک اور میونسپل کمیٹی کے عملہ کی غیر موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی روسٹر کے مطابق اہلکاروں کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں