الیکشن کمیشن نے کراچی بلدیاتی انتخابات میں بے ضابطگیوں کا نوٹس لے لیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سندھ بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں کراچی کی 6 یونین کونسلز میں بے ضابطگیوں کا نوٹس لے لیا۔
الیکشن کمیشن نے متعلقہ یوسیز کے ڈی آراو،ریٹرننگ افسر اور امیدواروں کو نوٹس جاری کرکے ضابطگیوں سے متعلق کیس23جنوری کو سماعت کےلیے مقررکردیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے اورنگی کی یونین کونسلز3، 7 اور8 جبکہ مومن آباد کی یوسی3، منگھوپیر یو سی 12 ، گلشن کی یوسی ایک شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے بےضابطگیوں پرنوٹس جماعت اسلامی کی درخواست پر لیا۔
خیال رہے کہ اتوار (15 جنوری ) کو کراچی کی 246 میں سے 235 یوسیز پر بلدیاتی انتخابات ہوئے جبکہ 11 یوسیز پر مختلف وجوہات کی بنا پر الیکشن نہیں ہوئے۔
کراچی میں 235 یوسیز کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی 91 نشستوں پر کامیاب قرار پائی ہے جبکہ جماعت اسلامی 88 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق 40 یوسیز میں پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں