کراچی شام 6 بجےکےبعدغیرضروری نقل و حرکت پرمکمل پابندی

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کوئی غیرضروری گھر سے باہر نہ نکلے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کرونا وائرس کا صوبائی ٹاسک فورس اجلاس آج بروز منگل 27 جولائی کو ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن، سیکریٹری انڈسٹریز، رینجرز اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی
اجلاس میں سیکریٹری صحت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے بھر میں کووڈ 19 کے ٹیسٹ کے مثبت آنے کی شرح 12.7 فیصد ہے، جب کہ صرف کراچی میں اس وقت 26.32 فیصد ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ سخت پریشانی کی بات ہے کہ کرونا مزید پھیل رہا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس اور کمشنر کراچی کو ہدایت دیں کہ آج شام 6 بجے کے بعد کوئی شہری غیرضروری گھر سے باہر نہ نکلے۔ مجھے پتا چلا ہے کہ ٹیوشن سینٹرز چل رہے ہیں؛ ان کو فوری بند کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جولائی میں کرونا وائرس کے 362 مریض انتقال کرگئے، جن میں سے 64 فیصد، 233 وینٹی لیٹرز پر تھے اور 23 فیصد، 85 مریض وینٹی لیٹرز پر نہیں تھے۔ سندھ کے اسپتالوں میں کل 686 وینٹیلیٹر کے ساتھ انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) بیڈز ہیں۔ محکمہ لیبر کو 3 اسپتالوں، پولیس اسپتال میں کووڈ وارڈز بنانے کی ہدایت بھی دی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے سروسز اور کورنگی اسپتال میں ٹینٹ لگا کر کووڈ مریضوں کیلئے انتظام کرنے کی ہدایت کی اور سندھ کے سرکاری اسپتال، لیاقت آباد اور نیو کراچی اسپتال کو بھی کرونا سہولیات تیار کرنے کی ہدایت دی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صورت حال کا جائزہ لینے کیلئے دوبارہ جمعہ کو اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ کوویڈ صورت حال پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزراء، ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب، اویس شاہ پر مشتمل کمیٹی قائم کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کرکے ان کو صورت حال سے آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔ ترجمان وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ کمیٹی سیاسی جماعتوں سے بھی بات کرے گی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے 3 ہزار 262 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 412 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں کیسز مثبت آنے کی شرح 6.6 فیصد رہی۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا کیسز میں غیر معمولی اضافے کے بعد حکومت نے صبح 6 سے شام 6 تک کاروبار کے اوقات مقرر کیے ہیں جب کہ شادی بیاہ سمیت دیگر تقریبات پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں