میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کا آلائشیں ٹھکانے لگانے کا پلان مرتب

گجرات(نمائندہ خصوصی) میونسپل کارپوریشن اور تمام میونسپل کمیٹیوں نے عیدالضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی الائشیں ٹھکانے لگانے اور صفائی یقینی بنانے کیلئے جامع پلان مرتب کر لیا ہے، حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق بلدیاتی اداروں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ اور مشینی وسائل کو فنکشنل کر دیا گیا ہے جبکہ سلاٹر ہاوسز میں جانوروں کو ذبح کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے اہم اجلاس کے دوران کیا، اے ڈی سی جی توقیر الیاس چیمہ، چیف آفیسر محمود اقبال گوندل و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن گجرات کی بارہ یونین کونسلوں سے قربانی کے جانوروں کی الائشیں اٹھانے کیلئے شہر کو تین سیکٹرز میں تقسیم کر دیا گیا ہے، ہر سیکٹر کا انچارج ایک سینٹری انسپکٹر ہوگا جبکہ شکایات کیلئے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جس کا نمبر0539260461.9260462,9260285ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن گجرات اورمیونسپل کمیٹیاں اپنی حدود میں قربانی کے جانوروں کی الائشیں ڈالنے کیلئے پلاسٹک بیگز بھی فراہم کریں گی جبکہ ان الائشیوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے ڈمپنگ پوائنٹس بھی تیار ہیں جنہیں آلائشیں اٹھانے کا آپریشن مکمل ہوتے ہی مٹی سے بھر دیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیاں نماز عید سے قبل مساجد اور عیدگاہوں کے باہر صفائی کے خصوصی احکامات جاری کئے گئے ہیں اور پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جانوروں کی قربانی کیلئے ضلع بھر میں سلاٹر ہاؤس بنائے گئے ہیں اور شہریوں سے کہا کہ وہ شہری گلی محلوں کی بجائے سلاٹر ہاوسز میں جانوروں کو ذبح کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں