جامعہ گجرات میں کووڈ19کے حوالہ سے تعلیمی صورتحال کے سلسلہ میں اجلاس

گجرات (نمائندہ خصوصی)جامعہ گجرات میں کووڈ19کے حوالہ سے تعلیمی صورتحال کو کامیابی سے جاری رکھنے کے سلسلہ میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے کی۔ اجلاس میں فیکلٹی ڈین، مختلف شعبہ جات کے چیئر پرسن و صدور سمیت پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد فہیم ملک نے شرکت کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں جاری آن لائن کلاسوں کی کامیابی سے تکمیل کا جائزہ پیش کیا اور اسی سلسلہ میں مفید تجاویز وسفارشات پیش کیں۔مزید براں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں نئے داخلوں کے لیے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے اس امر پر اطمینان ظاہر کیا کہ امسال بی ایس پروگراموں میں تقریباً ساڑھے چار ہزار طلبہ کا داخلہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ داخلہ کمیٹی کے تمام اراکین نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئے داخلوں کے عمل کو کامیاب بنایا۔ پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے حکومتی ہدایات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے تمام تعلیمی شعبہ جات میں پچاس فیصد اساتذہ و عملہ کی حاضری کو یقینی بناتے ہوئے طلبہ کے لیے آن لائن کلاسوں کی افادیت کے مختلف پہلوؤں کو واضح کیا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کی جانب سے شائع ہونے والے تحقیقی جرنلوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مختلف امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں