گجرات:سروس موڑ فلائی اوور کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا

گجرات(صابر علی صابر) حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق سروس موڑ فلائی اوور کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے، 1078 ملین روپے لاگت سے منصوبے کی 120 میں سے 24 پائلیں مکمل ہو چکی ہیں، ہر پائل زمین میں 120فٹ گہری ہوگی،29 کلو میٹر طویل کھاریاں ڈنگہ روڈ پر بھی کام تیزی سے جاری ہے،یہ تفصیلا ت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کی زیر صدارت میگا پراجیکٹس پر کام کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس میں بتائی گئیں، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر بٹ،ایکسئین ہائی ویز مہر عظمت علی، ایکسئین پبلک ہیلتھ محمد کاشف،ایس ڈی او محمد اشفاق موجود تھے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ 6264 ملین روپے لاگت سے سرائے عالمگیر تا منڈی بہاؤالدین 46 کلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر تیز ی سے جاری ہے، ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ سڑک کے راستے میں آنے والے درختوں کی کٹائی کے لئے فوری کام شروع کرے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ایک ارب روپے کی لاگت سے اولڈ جی ٹی روڈ کے فیز 1 کٹھالہ تا سمال انڈسٹریل اسٹیٹ دونوں اطراف سڑک کارپٹنگ مکمل کر لی گئی ہے،میڈین پر کام شروع کر دیا گیا ہے،گرین بیلٹس کی تعمیر کیلئے فنڈز فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کو ٹرانسفر کر دیئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اپریل کے آخر تک 6 کلو میٹر طویل فیز 1 کو ماڈل روڈ میں تبدیل کیا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 999 ملین روپے لاگت سے سرائے عالمگیر میں راجر فلائی اوور کی ٹینڈرنگ مکمل کر لی گئی ہے، پل کی تعمیر سے سرائے عالمگیر تا میر پور کیطرف جانیوالی ٹریفک کے مسائل حل ہو سکیں گے، 1201 ملین روپے لاگت سے گجرات سٹی میں میگا سیوریج سکیم کی ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کر لیا گیاہے اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پندرہ دن میں بنک گارنٹی جمع کرائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سماں تا ڈنگہ روڈ فیز ون کے تحت سڑکوں کی تعمیر آخری مراحل میں ہے، پراجیکٹ کے تحت نالہ بھمبر،اپر جہلم پر پلوں کی تعمیر آخری مراحل میں ہے، جی ٹی روڈ پر انٹر چینج، سرگودھا روڈ فلائی اوور کی تعمیر جلد شروع کر دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ہدایت کی کہ گیپکو شادیوال تا چک گلاں روڈ کی تعمیر جلد مکمل کرنے کے لئے پولز فوری ہٹانے کا کام شروع کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں