گجرات: سموگ کی روک تھام کیلئے فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی کی ہدایت

گجرات(جے ایم ڈی)ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے ہدایت کی ہے کہ سموگ کی روک تھام کیلئے فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے، سیکرٹری آر ٹی اے دھوان چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کریں، ضلع میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی بھٹہ خشت نہیں چلے گا، ماحولیات ڈیپارٹمنٹ ایک ہفتہ میں تمام انڈسٹریل یونٹس کا سروے مکمل کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انسداد سموگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عامر شہزاد کنگ، فوکل پرسن/ اسسٹنٹ کمشنرز وقار حسین خاں، فیصل عباس مانگٹ، خالد عباس سیال، احسن ممتاز، ڈی ایچ او ڈاکٹر ایاز ناصر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمود اقبال گوندل و دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات نے اجلاس کے شرکا ء کو بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت اپنے فیلڈ اسسٹنٹس کو متحرک کرے، تمام کسانوں کو آگاہ کر دیا جائے کہ وہ دھان سمیت اپنی فصلوں کی باقیات اور وڈھ نہ جلائیں، خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف فوری مقدمات درج کرائے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع کی حدود میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلا تفریق ایکشن لیا جائے، جس گاڑی کا فٹنس سرٹیفکیٹ نہیں وہ کسی صورت نہیں چلے گی، بلدیاتی ادارے یقینی بنائیں کہ کسی علاقہ میں کوڑے کرکٹ کو آگ نہیں لگائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ماحولیات ڈیپارٹمنٹ ایک ہفتہ میں ضلع بھر کے صنعتی یونٹس کا سروے کرے، جو صنعتی یونٹ سموگ کا باعث بن سکتا ہے انکے خلاف فوری کاروائی کی جائے اسی طرح زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر بھٹہ خشت سیل ہوگا جرمانہ یا چالان کوئی آپشن نہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام محکموں کے ضلعی سربراہان کو ہدایت کی کہ سموگ کی روک تھام کیلئے اپنی ذمہ داریاں متحرک رہ کر سرانجام دی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں