سروس موڑ سے انڈسٹریل ایریا روڈ پر تیز ی سے کام جاری

گجرات(صابر علی صابر)ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ سروس موڑ سے انڈسٹریل ایریا روڈ پر تیز ی سے کام جاری ہے، وفاقی حکومت کی فنڈنگ سے یہ منصوبہ ایک ارب لاگت سے مکمل ہوگا، ایم این اے چوہدری مونس الہی کی کاوش سے اس پراجیکٹ کیلئے نئے مالی سال کے بجٹ میں بھی 250ملین روپے مختص کئے گئے ہیں، ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پراجیکٹ پر جاری کام کے معائنہ کے موقع پر کیا، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر بٹ، پاک پی ڈبلیو ڈی ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور کنٹریکٹر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ اس میگا پراجیکٹ کے تحت سروس موڑ سے فلائی اوور شروع ہوگا، منصوبے کے تحت ریلوے لائن پر فلائی اوور بنے گا جبکہ یہ سڑک اپر جہلم کینال تک طویل ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے بجٹ میں منصوبے کیلئے 750ملین روپے رکھے گئے تھے جبکہ مالی سال 2021-22کے بجٹ میں پراجیکٹ کیلئے مزید 250ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبہ کو دو گروپوں میں تقسیم کرکے اسکا کنٹریکٹ دیا گیا ہے، ایک حصے میں کنٹریکٹر کمپنی نے مٹی کی بھرائی کے بعد سب بیس کا کام جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ 30جون کے بعد وہ کمپنی کارپٹنگ شروع کر دے گی جبکہ کنٹریکٹر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ باقی کام کیلئے بھی موبلائزیشن اور کام تیز کرے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق آئندہ سال یہ پراجیکٹ مکمل کر لیا جائے گا جس سے ٹریفک مسائل کے حل کیساتھ اس علاقہ میں ترقیاتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں