ضلع منڈی بہاؤالدین میں یوم یکجہتی کشمیر قومی جذبے سے منایا جائیگا،توقیر الیاس

گجرات(نمائندہ خصوصی)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے کہا ہے کہ ضلع منڈی بہاؤالدین میں یوم یکجہتی کشمیر بھر پور قومی جذبے اور ملی جوش و خروش سے منایا جائے گا، ضلعی انتظامیہ سمیت تمام محکمے بالخصوص محکمہ تعلیم اپنی اپنی سطح پر پر یوم یکجہتی کشمیر کی تقاریب کا انعقاد کریں گے، ریلیاں نکالی جائیں گی اور کشمیریوں سے بھر پور اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تمام تقاریب میں کوویڈ 19ایس او پیز پر لازما عملدرآمد یقینی بنای جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد فاروق، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن راجہ منصور علی خان، محکمہ تعلیم کے افسران کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ نے بتایا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مرکزی تقریب صبح 10بجے میونسپل کمیٹی ہال میں منعقد ہو گی۔ جس میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے نشر کئے جائیں گے۔ اس تقریب میں مہمانا ن خصوصی اور دیگر مقررین یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کی تحریک کی ہم بھر پور حمایت کرتے ہیں اور ان کی عظمت کو بھر پور سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی قوم کے عزم کو دہراتے ہوئے واضح کیا کہ جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں مل جاتی تب تک کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہر صورت جاری رکھی جائیگی اور ہم ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ ان کی حق خودارادیت کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں