بیلجیئم نے 22 ہزار رائفل اور پستولوں کو بھٹی میں پگھلادیا

برسلز(جے ایم ڈی )بیلجیئم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہزاروں پسٹل اور رائفلوں کو ایک بھٹی میں پگھلا کر اسے فولاد میں ڈھال دیا۔اس ضمن میں 22 ہزار رائفلیں اور دیگر آتشیں اسلحہ ملک بھر سے جمع کیا گیا تھا جب اسے بھٹی میں پگھلایا گیا تو 60 ٹن خام فولاد حاصل ہوا۔ مالکان نے یہ اسلحہ خود پولیس کے حوالے کیا ہے اور اکثریت کو ان کے بزرگوں سے وراثت میں ملا تھا لیکن وہ اسے مزید رکھنا نہیں چاہتے۔صوبہ ایسٹ فلینڈرز کی گورنر کرینا وان کاؤٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ اس میں سے نصف اسلحہ پولیس کے وہ ہتھیار تھے جو پرانے ہوچکے تھے۔کرینا نے کہا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ ہمارے معاشرے سے اسلحے کی اتنی بڑی مقدار کم ہوئی، تمام ہتھیاروں کی تعداد 22 ہزار 457 ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارے شہری اب قدرے محفوظ ہوں گے اور اسلحہ اب زیرِ استعمال نہیں رہا‘۔اس تمام اسلحے کو ٹرکوں میں بھر کر ایک پلانٹ تک لایا گیا تھا اور وہاں دہکتی ہوئی حرارتی مِل میں اسے پگھلایا گیا۔ تمام اسلحے کو گھلانے میں تین روز کا عرصہ لگا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں