سہیل آفریدی کی احتجاج کی تیاری: ‘احتجاج ہوگا مگر 9 مئی اور 26 نومبر کی طرح موقع نہیں دیں گے’

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف کے منتخب ممبران اسمبلی اور سینیٹ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے ممکنہ احتجاج کی تیاری کریں اور ہر منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔

اتوار کے روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی منتخب اراکین کے ساتھ مشاورت میں مصروف رہے جہاں عمران خان کی رہائی کے لیے مختلف منصوبوں پر غور کیا گیا۔
باخبر ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی اجلاس میں سہیل آفریدی نے اراکین کو واضح طور پر بتا دیا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج کی تیاری شروع کر دیں اور کارکنوں کو ممکنہ احتجاج کے لیے متحرک کریں۔

عدم شرکت پر اراکین کے خلاف کارروائی ہوگی
ذرائع نے کہا کہ جو اراکین اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران عمران خان کی بہنوں کے ساتھ اظہار حمایت کے لیے نہیں آئیں گے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ساتھ ہی ہدایت کی گئی کہ تمام اراکین اپنے حلقوں میں ورکرز کو فعال کریں اور کارنر میٹنگز منعقد کریں۔

ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے کارکنان کو منگل کے روز صوابی میں جمع ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں سے اراکین اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے قافلے کی صورت میں روانہ ہوں گے۔

’سہیل آفریدی پرتشدد احتجاج کے حق میں نہیں‘
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس اور اندرونی حالات سے باخبر ایک پارٹی رہنما نے بتایا کہ اس وقت پارٹی کے اندر بھی خاصی بےچینی ہے اور سہیل آفریدی پر شدید دباؤ موجود ہے۔

ان کے مطابق کچھ رہنما اور کارکن چاہتے ہیں کہ عمران خان کی رہائی کے لیے ملک گیر احتجاج کیا جائے اور احتجاج میں پیشرفت نہ ہونے پر سہیل آفریدی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں