گوگل نے اپنے فوٹوز ایپ میں کئی نئے مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی فیچرز شامل کرنے اور موجودہ خصوصیات کو مزید ممالک تک وسعت دینے کا اعلان کیا ہے۔
منگل کے روز جاری کیے گئے بیان کے مطابق، کمپنی کی سب سے نمایاں پیش رفت نینو بنانا (Nano Banana) نامی امیج ایڈیٹنگ ماڈل کو ایپ کے ایڈیٹر میں ضم کرنا ہے۔
کمپنی نے پوچھنے کے لیے نیا بٹن آسک یعنی Ask بھی شامل کیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی تصاویر سے متعلق سوالات گفتگو کے انداز میں کر سکیں گے۔
ان میں سے بعض خصوصیات فی الحال صرف امریکا تک محدود ہیں، جبکہ دیگر کو مختلف خطوں میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔
گوگل فوٹوز میں نئی اپ ڈیٹس
گوگل نے اپنے بلاگ میں فوٹوز ایپ سے متعلق 5 نئی اپ ڈیٹس کی تفصیل جاری کی ہے۔ یہ تمام فیچرز تین شعبوں پر مرکوز ہیں: ایڈٹ، کریئیٹ یعنی create اور تلاش یعنی search۔
گزشتہ ماہ کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ جلد ہی گوگل فوٹوز میں نینو بنانا فیچرز دستیاب ہوں گے، اور اب یہ صلاحیت آہستہ آہستہ صارفین کے لیے متعارف کرائی جا رہی ہے۔
نینو بنانا کی خصوصیات گوگل فوٹوز کے امیج ایڈیٹر کے اندر دستیاب ہوں گی۔ جب صارفین ’ہیلپ می ایڈٹ‘ بٹن پر کلک کریں گے، تو وہ اب زیادہ پیچیدہ ہدایات دے سکیں گے۔
جیسے مجھے رینے ژاں دور کی پینٹنگ کی طرح دکھائیں یا میری تصویر کو رنگ برنگے ٹائلز والے موزائیک اسٹائل میں تبدیل کریں۔
یعنی جو بھی ایڈیٹنگ جیمنی ماڈل کے ذریعے نینو بنانا سے ممکن ہے، اب وہ براہِ راست گوگل فوٹوز میں کی جا سکتی ہے۔
گوگل نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ فیچر عالمی سطح پر دستیاب ہوگا یا نہیں، تاہم اس وقت یہ صرف اینڈرائیڈ صارفین کے لیے موجود ہے۔
iOS صارفین کے لیے نئے فیچرز
امریکا میں ایپل صارفین کے لیے گوگل نے ’ہیلپ می ایڈٹ‘ فیچر متعارف کروایا ہے، جو صارفین کو آواز یا متن کے ذریعے ایڈیٹنگ کی سہولت دیتا ہے۔ البتہ یہ فیچر نینو بنانا سے منسلک نہیں، اس لیے صارفین کو صرف ایپ کے محدود ایڈیٹنگ ٹولز تک رسائی ہوگی۔
ساتھ ہی، کمپنی نے آئی فون صارفین کے لیے فوٹو ایڈیٹر کا نیا ڈیزائن بھی متعارف کرایا ہے۔
تخلیقی ٹیمپلیٹس اور ذاتی تجاویز
سال کے آغاز میں گوگل نے فوٹوز میں ایک کریئیٹ ٹیب شامل کیا تھا، جہاں تمام اے آئی ٹولز کو آسانی سے ایک جگہ رکھا گیا ہے۔ اب اسی میں کمپنی نے اے آئی ٹیمپلیٹس فیچر بھی شامل کیا ہے، جو نینو بنانا سے تقویت یافتہ ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین مثلاً اپنی تصویر اپ لوڈ کر کے ہائی فیشن فوٹو شوٹ ٹیمپلیٹ منتخب کریں، تو تصویر خود بخود اسی انداز میں بغیر کسی اضافی ٹیکسٹ پرامپٹ کے تبدیل ہو جائے گی۔
یہ فیچر پہلے مرحلے میں بھارت اور امریکا کے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اس ہفتے جاری کیا جا رہا ہے۔
گوگل نے بتایا کہ آئندہ ہفتوں میں وہ اس فیچر میں ذاتی نوعیت کی تہہ بھی شامل کرے گا، جو صارف کی تصاویر سے متعلق معلومات استعمال کر کے دلچسپیوں اور مشاغل کے مطابق ایڈیٹنگ تجاویز دے گا۔ یہ فیچر سب سے پہلے امریکا میں دستیاب ہوگا۔
آسک فوٹوز کا عالمی اجرا
کمپنی نے ایک نیا آسک بٹن بھی شامل کیا ہے، جو تصویر کے نیچے موجود ہوگا۔ اس بٹن سے صارفین نہ صرف تصویر کے بارے میں گفتگو شروع کر سکتے ہیں بلکہ متعلقہ تصاویر تلاش یا ایڈیٹنگ تجاویز بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
اسی کے ساتھ، گوگل نے اعلان کیا ہے کہ اس کا آسک فوٹوزفیچر، جو تصویری سرچ کو گفتگو کی صورت میں ممکن بناتا ہے، اب 100 سے زائد ممالک اور 17 نئی زبانوں میں دستیاب ہوگا۔












