جنسی اسکینڈل: برطانوی پرنس اینڈریو سے ’پرنس‘ کا لقب سمیت تمام شاہی اعزازت واپس لے لیے گئے

برطانوی شاہی خاندان ایک بار پھر تنازعے کی زد میں آ گیا ہے۔ جنسی اسکینڈل کے سنگین الزامات کے بعد شاہ چارلس سوم نے اپنے بھائی شہزادہ اینڈریو سے ’پرنس‘ کا لقب اور دیگر شاہی اعزازات واپس لے لیے ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ 30 اکتوبر 2025 کو باضابطہ طور پر جاری کیا گیا، جس کے تحت شہزادہ اینڈریو اب عوامی طور پر اپنے شاہی القابات استعمال نہیں کر سکیں گے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان کا نیا نام ’اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈسر‘ کے طور پر درج کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ شہزادہ اینڈریو پر امریکی مجرم جیفری ایپسٹین کے ساتھ تعلقات اور ایک نابالغ لڑکی ورجینیا جیوفری کے ساتھ جنسی بدسلوکی کے الزامات عائد ہیں۔

اگرچہ اینڈریو نے تمام الزامات کی تردید کی ہے، مگر مسلسل دباؤ اور عوامی ردعمل کے باعث شاہی خاندان کو شدید تنقید کا سامنا تھا۔
بگھم پیلس کا مؤقف

بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ چارلس کے حکم پر شہزادہ اینڈریو اپنے تمام شاہی عہدے، القابات اور مراعات سے دستبردار ہو گئے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شاہی خاندان عوامی اعتماد کے تحفظ کے لیے شفافیت اور جواب دہی کے اصولوں پر کاربند ہے۔
رپورٹس کے مطابق شہزادہ اینڈریو سے ان کی سرکاری رہائش گاہ بھی واپس لے لی گئی ہے، اور انہیں شاہی مراعات سے محروم کر دیا گیا ہے۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے اس فیصلے کو شاہی تاریخ کا غیر معمولی قدم قرار دیا ہے۔
ورجینیا جیوفری کے اہلِ خانہ نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے انصاف کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ان تمام متاثرہ خواتین کے لیے حوصلہ افزا پیغام ہے جو انصاف کے منتظر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں