دبئی, متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے 17 جولائی کو ابوظہبی میں اتحاد ماڈرن آرٹ گیلری کا دورہ کیا جہاں معروف پاکستانی فنکاروں ثریا سکندر اور ثنا حیات کی پینٹنگز کے ساتھ ساتھ متعدد بین الاقوامی فنکاروں کے فن پاروں کی نمائش کی جا رہی ہے۔
سفیرفیصل نیاز ترمذی نے پاکستانی فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی نمائشیں پاکستان کے شاندار ثقافتی اور فنی ورثے کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے ثقافتی تفہیم کو فروغ دینے اور بیرون ملک پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دینے میں فن کے کردار پر زور دیا۔اس دورے نے پاکستانی ٹیلنٹ کی حمایت اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سفارت خانے کے عزم کا اعادہ کیا۔