شہر قائد میں عزیز آباد کے بلاک تھری صدیق آباد میں واقع موبائل شاپ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
چھیپا حکام کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتول حسن علی بانٹوا اپنے شاپ پر موجود تھا۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان صدیقی نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ موٹر سائیکل پر سوار تین ملزمان نے انجام دیا، جنہوں نے آ کر مقتول پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہو سکتا ہے اور مقتول کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا ہے۔
حسن علی کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے تین خول برآمد کیے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد تلاش کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔












