امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات، تجارت اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے شی جن پنگ کی تعریف کی ۔ بولے یہ میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے کہ میں آج اپنے پرانے دوست کے ساتھ ہوں ۔ شی جن پنگ باوقار رہنما اور عظیم ملک کے عظیم لیڈر ہیں ۔ ہم پہلے ہی بہت سی باتوں پر اتفاق کر چکے ہیں ۔ ابھی مزید باتوں پر بھی اتفاق کریں گے۔
اس موقع پر چینی صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی کئی ممالک کے درمیان امن قائم کرنے کی کوششوں کو سراہا ۔ کہا بیجنگ اور واشنگٹن دو بڑی معیشتیں ہیں جن کے درمیان وقتاً فوقتاً اختلافات ہونا معمول کی بات ہے۔ اختلافات کے باوجود ہمیں درست سمت میں آگے بڑھنا چاہیے۔ بارہا کہہ چکا ہوں کہ چین اور امریکا کو شراکت دار اور دوست ہونا چاہیے۔ تاریخ نے ہمیں یہی سبق دیا ہے۔ موجودہ حالات بھی اس کا تقاضا کرتے ہیں۔
شی جن پنگ نے حالیہ غزہ جنگ بندی میں صدر ٹرمپ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ چین بھی دنیا کے دیگر تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔












