پنجاب میں بارشوں کا سسٹم کمزور پڑگیا، مگر تباہی شدید، مجموعی اموات 193 تک جا پہنچیں

پنجاب میں مون سون کا سسٹم وقتی طور پر کمزور پڑگیا ہے، تاہم جہلم، چکوال، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں تباہی کے گہرے نقوش چھوڑ گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 15 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد بارشوں اور سیلاب سے ملک بھر میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 193 ہو چکی ہے، جن میں سے 114 اموات صرف پنجاب میں ہوئیں۔

چکوال میں 423 ملی میٹر ریکارڈ بارش کے بعد متعدد دیہات زیرِ آب آ گئے۔ بپھرا ہوا سیلابی ریلا پل اور سڑکیں بہا لے گیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر اور شہری شدید پریشانی کا شکار ہو گئے۔ کئی علاقوں میں خشکی کا نام و نشان تک باقی نہ رہا۔

رینالہ خورد میں چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور باپ سمیت دو بچے زخمی ہو گئے۔ بھوآنہ میں بھی ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ پتوکی، رائے ونڈ اور منچن آباد میں مختلف حادثات میں 14 افراد زخمی ہوئے۔

دنیاپور، فیروزوالا اور حافظ آباد میں کرنٹ لگنے سے تین افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک 10 سالہ بچہ سیم نالے میں گر کر جاں بحق ہوا۔ منڈی بہاءالدین جیل کی دیوار گرنے سے بارش کا پانی قیدیوں کی بیرکوں تک پہنچ گیا، جبکہ ملکوال ریلوے کالونی میں کئی کوارٹرز کی دیواریں منہدم ہو گئیں۔

دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے اور ننکانہ صاحب کے تین دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ ادھر جہلم میں پاک فوج اور ریسکیو اداروں نے 498 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔ سیلابی ریلے میں بہنے والے پولیس اہلکار کی لاش بھی تلاش کر لی گئی۔

ادھر راولپنڈی میں طوفانی بارشوں کے بعد کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے۔ مختلف مقامات پر 4 افراد برساتی نالوں میں ڈوب گئے، جن میں سے 3 کی لاشیں نکال لی گئیں، جبکہ بھوسہ منڈی سے 7 سالہ بچے کی لاش بھی برآمد کر لی گئی۔ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث شہر میں ”رین ایمرجنسی“ نافذ کر دی گئی ہے۔ اڈیالہ روڈ سے ملحق 20 دیہات کا زمینی رابطہ کٹ چکا ہے اور کئی گاڑیاں سیلابی پانی میں بہہ گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 20 جولائی سے پنجاب میں مون سون کا ایک اور طاقتور سسٹم داخل ہوگا، جبکہ سندھ میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو ہفتے بھر جاری رہ سکتا ہے۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں