کراچی: سمندر میں نہانے پر پابندی، دفعہ 144 نافذ

کراچی میں سمندر میں نہانے پر عائد پابندی کے بعد پولیس نے ہاکس بے اور سی ویو پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔ یہ اقدام گزشتہ روز شہریوں کے ڈوبنے کے افسوسناک واقعے کے بعد کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 کے تحت سمندر میں نہانے پر پابندی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، جبکہ ایڈیشنل آئی جی کی ہدایت پر شہریوں کو ہاکس بے اور اس سے ملحقہ سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سمندر میں نہانے پر پابندی 6 سے 13 جون تک لگائی گئی ہے۔

پولیس نے ساحل پر پکنک منانے کے لیے جانے والے افراد کو سینڈز پٹ کے مقام سے واپس بھیجنا شروع کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف گزشتہ روز بھی کارروائیاں کی گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کو اپنی اور دوسروں کی جانوں کی حفاظت کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ساحل سمندر کا رُخ کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں