کمیونٹی ڈویلمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر کام آخری مراحل

گجرات(نیوز ڈیسک)کمیونٹی ڈویلمنٹ پروگرام کے تحت کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور ایس ڈی جیز پروگرامز کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام تیز ی سے آخری مراحل میں داخل ہو رہا ہے، ایس ڈی جیز پروگرام فیز ٹو کے تحت 300ملین روپے لاگت سے 85نئے منصوبوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے، یہ تفصیلات ایم پی اے چوہدری لیاقت علی بھدر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئیں، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بھی اجلاس سے خطاب کیا، ایم پی اے چوہدری سلیم سرور جوڑا، میاں اختر حیات، چوہدری محمد ارشد، انچارج ظہور الہی ہاوس خالد سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر بٹ، ایگزیکٹو انجینئرز نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے اجلاس کو بتایاکہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 92منصوبوں پر 700 ملین روپے خرچ کئے جارہے ہیں، ابتک 72پراجیکٹس مکمل ہو چکے ہیں، متعدد تکمیل پذیر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 450ملین روپے لاگت سے ایس ڈی جیز پروگرام کے تحت 94منصوبوں میں سے 73کی فیزیکل پراگریس 60فیصد سے زائد ہے، اسٹیرنگ کمیٹی نے منصوبے کے تحت سوئی گیس فراہمی کے 21منصوبوں کی منظوری بھی دیدی ہے، ایس ڈی جیز پروگرام کے فیز ٹو کے تحت نئے منصوبے گیپکو، سوئی نادرن گیس اور پاک پی ڈبلیو ڈی کے ذریعے مکمل کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ میونسپل سروسز پروگرا م کے تحت میونسپل کارپوریشن گجرات اور ضلع بھر کی میونسپل کمیٹیاں 120منصوبوں پر کام کا آغاز کر چکی ہیں، ان پراجیکٹس پر 274ملین روپے خرچ ہو چکے ہیں، بلدیاتی اداروں کے زیر اہتمام ان منصوبوں میں ترقیاتی پراجیکٹس کیساتھ نئی مشینری کی خریداری بھی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ارکان اسمبلی کی مشاورت سے نئی اے ڈی پی کیلئے منصوبوں کی نشاندہی، رواں مالی سال اور گزشتہ مالی سال کے منصوبے بھی تیزی سے مکمل کئے جارہے ہیں۔ ایم پی اے چوہدری لیاقت علی بھدر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن منصوبہ جات کے فنڈز موصول ہو چکے ہیں ان پر کام کی رفتار تیز کر دی جائے، جن کے لئے فنڈز درکار ہیں اس حوالے سے حکومت پنجاب سے درخواست کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندے اور سرکاری افسران باہم کوارڈی نیشن سے کام کریں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں