کرونا وائرس کاممکنہ خطرہ :گجرات میں تمام ادارے ریڈ الرٹ

گجرات (صابر علی صابر)سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی ہدایات کے مطابق کرونا وائرس کے ممکنہ خطرہ کے پیش نظر ضلع گجرات میں محکمہ صحت سمیت تمام اداروں کو ریڈ الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، ڈی سی آفس میں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر قائم کردیا جائے گا جو 24گھنٹے کام کریگا۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں اے ڈی سی جی توقیر الیاس چیمہ، ڈی ایچ او ڈاکٹر ذاکر علی نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کرونا وائرس کے حوالے شہریوں کو معلومات فراہم کرنے اور ایمرجنسی کی صورت میں فوری رسپانس کیلئے قائم کردہ کنٹرول روم میں 24 گھنٹے ڈاکٹر، ریونیو سٹاف اور ریسکیو 1122 کا عملہ موجود رہے گا، محکمہ صحت ریسکیو سرگرمیوں کے لیے 1122 ٹیم کو سیفٹی کٹ دے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایران سے آنیوالے تمام افراد کی سکریننگ کی جائے گی، ڈی ڈی ایچ اوز کی قیادت میں ٹیمیں ایران سے آنیوالے ہر فرد کے گھر تک جائیں گی اور واپس آنیوالے افراد کی اپنی نگرانی میں سکریننگ کرائیں گی۔ انہوں نے افسران و ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ پبلک ڈیلنگ کے دوران محتاط رہیں، ماسک کا استعمال کریں، بار بار ہاتھ دھوئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں