کچہری گجرات:63 کثیر المنزلہ عمارتوں میں فائر سیفٹی آلات نہ ہونے کا سخت نوٹس

گجرات (صابر علی صابر)ڈ پٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ضلع کچہری کے اطراف کمرشل روڈز پر 63 کثیر المنزلہ عمارتوں میں فائر سیفٹی آلات نصب نہ کئے جانے کا سخت نوٹس لیا ہے اور مالکان کو 30 دن کا نوٹس جاری کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں، مقررہ تاریخ کے بعد فائر سیفٹی کمیٹی تمام عمارتوں کی چیکنگ کرے گی اور آگ بجھانے کے آلات نصب نہ کرنیوالے پلازہ جات سیل مالکان کو ایک لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائے گا، یہ فیصلہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، اے ڈی سی جی توقیر الیاس چیمہ، اے سی محمد جمیل، ڈی ایم او فہد اعجاز و دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ ڈی او ایمرجنسی عمر اکبر گھمن نے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ ریسکیو 1122کے ماہرین نے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں جیل روڈ، کچہری روڈ، جلالپور جٹاں روڈ،بھمبر روڈ پر واقع تین منزلہ یا اس سے اونچی عمارتیں چیک کی تھیں تاہم ان63عمارتوں میں کسی بھی قسم کے فائر سیفٹی آلات موجود ہی نہیں پائے گئے جس کے باعث شہریوں اور کاروباری افراد کے جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔انہوں نے واضع کیا کہ ایسی صورتحال ناقابل برداشت ہے جس کے تدارک کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122، میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیاں آئندہ مون سون سیزن سے قبل ریسکیو اینڈ ریلیف سے متعلقہ تمام وسائل کو فنکشنل رکھیں،ہیومن ریسورس اور فیول سٹاک بھی موجود ہونا چاہیے،اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹی جلد انکی چیکنگ کرکے رپورٹ دیگی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دسمبر میں جن چار مقامات کو ٹریفک حادثات کے حوالے سے بلیک اسپاٹ قرار دیا گیا تھا وہاں حفاظتی اقدامات کے باعث ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی ہوئی ہے، جامع سکول فار بوائز گجرات کے سامنے نیا ہاٹ اسپاٹ سامنے آیا ہے یہاں کیٹ آئیز کی تنصیب کے لیے ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شہریوں کے بھر پور تعاون سے ریسکیو 1122 کنٹرول روم میں غیر ضروری کالز کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی ہے جو خوش آئندہ ہے، جنوری میں ٹریفک حادثات کا شکار ہونیوالے 61 فیصد موٹر سائیکل سوار تھے 10 فیصد متاثرہ افراد کو سر پر چوٹ لگی ہے، مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کیلئے ہیلمٹ کے استعمال کے بارے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں