وزیراعظم نے امورِ قانون سازی کیلئے فروغ نسیم کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی بنادی

اسلام آباد (جے ایم ڈی)وزیراعظم عمران خان نے قانون سازی کے امور کے لیے کابینہ کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی۔

وزیر اعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے کمیٹی کے قیام کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق کابینہ کے ارکان کی تعداد 8 ہے۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی نئی قانون سازی اور موجودہ قوانین میں ترامیم کا جائزہ لےگی اور اپنی سفارشات پارلیمنٹ یا کابینہ کو دے گی۔

اعلیٰ سطح کی کمیٹی کا چئیرمین وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کو مقررکیا گیا ہے، ان کے ساتھ اٹارنی جنرل انور منصور اور وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی رکن کمیٹی بنائے گئے ہیں۔

نوٹی فکیشن کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب اور امورِ داخلہ شہزاد اکبر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ ان کے علاوہ سیکرٹری قانون اور جوائنٹ سیکریٹری وزیر اعظم آفس بھی کمیٹی کے رکن مقرر کیے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق سیکرٹری کابینہ ڈویژن کمیٹی کے سیکرٹری کے طور پر امور سنبھالیں گے جب کہ کمیٹی کے سیکرٹریٹ کے لیے کابینہ ڈویژن کو تعاون کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ نے حکومت کو 6 ماہ میں قانون سازی کرنے کا حکم دیتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف کی مدت میں 6 ماہ کی مشروط توسیع دی ہے۔

اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت آرمی چیف کی مدت میں توسیع سے متعلق قانون قومی اسمبلی اور سینیٹ سے باآسانی منظور کرالے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں