ترکی سے درجنوں پاکستانی ڈی پورٹ

کراچی(جے ایم ڈی) ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم مزید 40 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ترکی سے مزید چالیس پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے، جو ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے، ذرایع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کو غیر ملکی ایئر لائن کے ذریعےاسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔ذرایع کے مطابق ایف آئی اے نے ڈی پورٹ 40 افراد کو پاکستان پہنچنے پر انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کر دیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم 42 پاکستانیوں کو ترک حکام نے پکڑ کر ملک بدر کر دیا تھا، پاکستانیوں کو ترک ایئر لائن ٹی کے 710 سے اسلام آباد پہنچایا گیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ ملک بدر کیے جانے والے پاکستانی ملازمتوں کی تلاش میں غیر قانونی طور پر ترکی گئے تھے، پکڑ میں آنے کے بعد انھیں اسلام آباد پہنچا کر انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کیا گیا۔واضح رہے کہ رواں برس فروری میں ترک حکومت نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم 50 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، اس سلسلے میں پاکستانی سیکریٹری خارجہ نے وزارت خارجہ کو خط بھی لکھا تھا۔رواں ماہ سعودی عرب میں بھی غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستانی سفارت خانے نے بھی ہم وطنوں کو رابطہ کرنے کی ہدایت کی تھی تاکہ انھیں وطن واپس لایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں