گجرات:وزیراعظم کا کلین اینڈ گرین سٹی انڈیکس پروگرام ،اہم میٹنگ

گجرات(صابر علی صابر)وزیراعظم پاکستان کے کلین اینڈ گرین سٹی انڈیکس پروگرام کے تحت مقرر کردہ 12اعشاریوں کے مطابق ڈیٹا مرتب کرنے کرکے5 دسمبر تک رپورٹ فراہم کی جائے، پراجیکٹ کی نگرانی کے لئے عملدرآمد کمیٹی کی تشکیل کے لئے سفارشات کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کو بھجوا دی گئی ہیں، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اے ڈی سی ریونیو ڈاکٹر رانی حفصہ کنول، اے ڈی سی جنرل توقیر الیاس چیمہ، اسسٹنٹ کمشنرز محمد جمیل، فیصل عباس، انیشہ ہشام، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زاہد تنویر، سی ای او ایجوکیشن افضل شاہد، بلدیاتی اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ہدایت کی کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ شہر اور ضلع گجرات کے لئے شہریوں کے لئے پینے کے پانی کی ڈیمانڈ، دستیاب وسائل، سرکاری و پرائیویٹ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تفصیلات فراہم کریں، بلدیاتی ادارے سیوریج لائنوں اور نالوں کی تفصیلات، سالڈ ویسٹ اور بارشوں کے پانی کے نکاس، سالڈ ویسٹ کولیکشن، ڈمپنگ، مشینی وسائل بارے تفصیلات فراہم کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہروں میں پبلک پارکس، پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنوں، پبلک ٹوائلیٹس کی تعداد، کھیلوں کے لیے اسٹیڈیم، گراؤنڈز،ان میں پینے کے پانی، ٹوائلیٹس کی تفصیلات دی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شجر کاری مہم کے دوران لگائے جانیوالے پودوں کی تعداد، نئی گرین بیلٹس، بحال کی جانیوالی گرین بیلٹس کی تفصیلات دی جائیں، سکولوں، سرکاری ہسپتالوں میں چھوٹے باغات لگائے جائیں گے، محکمہ صحت ہسپتالوں، ماحولیات ڈیپارٹمنٹ میڈیکل اور انڈسٹریز ویسٹ کی تفصیلات فراہم کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ کلین اینڈ گرین سٹی انڈیکس کے تحت تمام اقدامات کی نگرانی کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کو فوکل پرسن بنایا گیا ہے، اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں مہم کی نگرانی کریں گے جس کی باقاعدہ ڈائری مرتب کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نوٹیفکیشن کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز میڈین اور گرین بیلٹس کی حامل سڑکوں کی نشاندہی کریں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت گرین بیلٹس کی خوبصورتی اور میڈین پینٹ کرائی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ہدایت کی کہ پٹرول پمپس اور سی این اسٹیشن پر پبلک ٹوائلیٹس کی صفائی، عملہ صفائی کی تعیناتی کے لیے اسٹینڈرڈ مقرر کیا جائے گا، گلیوں، پلوں، ڈمپنگ سائٹس، پبلک بلڈنگز کو خوبصورتی سے پینٹ کرایا جائے گا، طلبہ و طالبات سکولوں کی دیوارویں پینٹ کریں گے ہسپتالوں کی بیرونی دیواروں پر بھی اسٹریٹ آرٹ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، تینوں تحصیلوں میں دیوار مہربانی قائم کی جائیں گی، ضلع گجرات کے 31 ہائی سکولوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹس لگیں گے، تینوں تحصیلوں میں بازاروں سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی، سٹریٹ لائٹس فنکشنل ہونی چاہیے، سرکاری عمارتوں پر یکساں سائن بورڈ لگائے جائیں گے اور لائٹنگ کا انتظام ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ ہر ماہ کے پہلے جمعہ کو ممتاز شخصیات سے ملکر صفائی مہم چلائی جائے گی، پلاسٹک بیگز کے استعمال کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے، تاریخی مقامات کی تزئین، سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات، میرا گجرات پروگرام کا بھی آغاز کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں