گجرات:بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی 548شکایات کا ازالہ

گجرات(صابر علی صابر)ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی نے قیام سے ابتک بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی 548شکایات کا ازالہ کیا ہے، گزشتہ 15دن کے دوران کمیٹی نے 19شکایات کا ازالہ کرکے رپورٹ حکومت پنجاب کو بھجوائی گئی ہیں، یہ تفصیلات کمیٹی کے ضلعی چیئرمین عدیل ارشد رحمانیہ کی زیر صدارت اجلاس میں بتائی گئیں، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد، اے سی کوارڈ وقار حسین خاں، پولیس، ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں اور پرائیویٹ ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع گجرات میں ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کے پاس ایک سال، چھ ماہ تک عرصہ کی تمام شکایات پر رپورٹس حکومت پنجاب کو بھجواد ی گئی ہیں، تیس دن سے تین ماہ تک کی 25شکایات پر کاروائی جاری ہے۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ اٹارنی سول کورٹس میں اوورسیز کے زیر التواء کیسز کی تفصیلات حاصل کریں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے اوورسیز کی شکایات کے ازالہ کیلئے بھرپور اقدامات پر تمام محکموں کے افسران کی کارکردگی کو زبردست سراہا اور ہدایت کی کہ اسی جذبے اور لگن سے کام جاری رکھا جائے۔ چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیٹی عدیل ارشد رحمانیہ نے کہا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانی وطن عزیز کی ترقی کیلئے بھرپور کام کررہے ہیں انکی شکایات، انکی فیملیوں کے مسائل کے ازالہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں