خیبر پختونخوا کی پہلی خاتون ‘جیٹ فائٹر پائلٹ’ بن گئی

پشاور(جے ایم ڈی) کائنات جنید نے خیبر پختون خوا کی پہلی خاتون جیٹ فائٹر پائلٹ بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ کائنات جنید پاکستان ایئر فورس کے جی ڈی پی ٹیسٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے بطور فائٹر جیٹ پائلٹ منتخب ہو گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لوئر دیر کے علاقے بلامبٹ کی رہائشی کائنات جنید نے پاکستان ایئر فورس کے جی ڈی پی ٹیسٹ میں نہ صرف پہلی پوزیشن حاصل کی بلکہ انہوں نے خیبر پختونخوا سے منتخب ہونے والی پہلی خاتون فائٹر جیٹ پائلٹ کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔

کائنات جنید کے والد احمد جنید بھی پاکستان ائیر فورس سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ بھی میں پاک فضائیہ میں بطور اسکواڈرن لیڈر اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ کائنات جنید نے پاک فضائیہ کالج بڈھ بیر سے میٹرک 1030 نمبرز جبکہ جناح کالج پشاور سے ایف ایس سی 937 نمبروں کے ساتھ پاس کیا اور اب انہوں نے پاکستان ایئر فورس کے جی ڈی پی ٹیسٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

انکے والد احمد جنید کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ان کی دلی خواہش پوری ہوگئی ہے کہ ان کی بیٹی پاکستان ایئر فورس میں بطور جیٹ پائلٹ فائٹر منتخب ہوگئی ہیں۔ وہ خود بھی پاکستان ایئر فورس میں بطور فائٹر پائلٹ منسلک رہے اور بعد میں انہیں ایئر ڈیفنس برانچ کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ابھی وہ پشاور میں پاکستان ایئر فورس کے ساتھ بطور اسکواڈرن لیڈر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور انہیں اپنی بیٹی پر فخر ہے اور کائنات جنید اپنے ملک کے لیے کچھ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

کائنات جنید نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی بیٹی اور پہلی خاتون فائٹر پائلٹ مریم مختار سے انتہائی متاثر ہیں، وہ اپنی زندگی وطن عزیز کی خدمت میں صرف کردیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں