چند عادتیں اپنائیں سدا بہار نظر آئیں

کیا آپ جانتی ہیں کہ خواتین کی اولین خواہش کیا ہوتی ہے؟ہمیشہ خوبصورت ،جوان اور تروتازہ دکھائی دینا۔۔۔مقبول امریکی ہالی ووڈ سنگر جینیفر لوپز کے مداحوں کی تعداد کروڑوں میں ہے ۔جینیفر کی مقبولیت کی ایک وجہ ان کا کم عمر دکھائی دینا بھی ہے ،زندگی کی 49بہاریں دیکھنے کے باوجود جینیفر آج بھی خوبرو اور کم عمر لڑکیوں کی طرح دکھائی دیتی ہیں ،یہی وجہ ہے کہ ہالی ووڈ سمیت فیشن کی دنیا کی بیشتر خواتین جینیفر سے جیلسی محسوس کرتی ہیں ۔

یہی حال پاکستانی خوبرو اداکارہ ماہ نور بلوچ کا ہے ،زندگی کی 47بہاریں دیکھنے کے باوجود ماہ نور کسی کم عمر دوشیزہ کی طرح آج بھی اتنی ہی خوبصورت ہیں جتنی اپنی جوانی ہیں ۔۔۔اپنی عمر سے کم کھائی دینا یہ ایک ایسی خواہش ہے جس کے لیے لوگ لاکھوں روپے خرچ کر دیتے ہیں تاہم آج اگر ہم آپ سے یہ کہیں کہ اپنی عمر سے کم دکھائی دینا آپ کے اپنے ہاتھ میں ہے تو آپ چونکیں گے ضرور۔

جی ہاں! سائنس بھی اس بات کوتسلیم کر چکی ہے کہ انسانی جلد میں آنے والی 30فیصد تبدیلیاں جینز جبکہ 70 فیصد ماحولیاتی عناصر جیسے سورج کی شعاعوں اور فضائی آلودگی کے باعث آتی ہیں ۔
عمر بڑھنے اور تناؤ سے نمٹنے کی صلاحیت کم ہونے پر جلد میں دو نمایاں اثرات نظر آتے ہیں ،ایک رنگت میں تبدیلی یا ایج اسپاٹس ،دوسرے جلد کی لچک میں کمی آنے سے جھریاں نمودار ہو جاتی ہیں ۔
تاہم کچھ عوامل ایسے ہیں جن پر عمل کرکے آپ بڑھتی عمر کے اثرات کو کم کر سکتے ہیں ،وہ عوامل کون سے ہیں آئیے جانتے ہیں۔
تمبا کو نوشی
کیا آپ سگریٹ یا الکحل کا استعمال کرتے ہیں؟اگر ایسا ہے تو آج ہی اپنی اس عادت کو ترک کر دیں ،الکحل اور تمبا کو نوشی کا استعمال یا سورج کی روشنی میں بہت زیادہ گھومنا جسم پر حیاتیاتی تناؤ بڑھانے کا باعث بنتا ہے ،جس سے ڈی این اے کو نقصان پہنچتا ہے ۔
جس کے باعث جلد پر جھریاں ،رنگت ماند پڑجانا جیسے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔
مناسب غذا
آپ کا کھایا ہوا کھانا آپ کی جلد پر مثبت یا منفی اثرات مرتب کرتا ہے ،مرغن یا تلی ہوئی چیزوں اور چینی کے زیادہ استعمال کے بجائے ہری سبزیوں اور دہی اور فروٹ کا زیادہ استعمال کریں،چہرے کو جھریوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے پانی کا زیادہ استعمال مت بھولیں۔

باقاعدگی سے ورزش
کم عمر نظر آنے کے لیے ورزش کو اپنا معمول بنالیں۔ورزش جلد کوتروتازہ رکھنے کے لیے بے حد اہم ہے، اس سے خون کی روانی بہتر ہوتی ہے ۔روزانہ ورزش کرنے سے آکسیجن اور صحت مند غذائی اجزاء جلد کے تمام خلیات تک پہنچ کر اسے تروتازہ اور خوبصورت بناتے ہیں۔ روزانہ تھوڑی سی ورزش آپ کے پٹھوں کو مضبوطی بناتی اور آپ کو دبلا پتلا اور چاق چوبند رکھتی ہے۔

سن اسکرین کے ساتھ روزانہ موئسچرائز
سورج کی شعاعیں جلد کو متاثر کرتی ہیں،لہٰذا گھر سے باہر نکلتے وقت سن بلاک کے استعمال کو اپنی عادت بنالیں۔موسم چاہے کوئی بھی ہو ،باہر نکلتے وقت اپنے ہاتھوں ،چہرے،پیروں اور گردن پرسن بلاک لگانا نہ بھولیں ۔سن اسکرین کے ساتھ ساتھ موئسچرائزر کا استعمال جلد کی نمی کو برقرار رکھتا ہے ۔

وائپس کے بجائے فیس واش
چہرے کو بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے جلد کی صفائی بے حد ضروری ہے ۔دن میں دو بار اپنا چہرہ لازمی دھوئیں ۔اکثر خواتین فیس واش کرنے کے بجائے پسینہ صاف کرنے کے لیے وئپس کا استعمال کرتی ہیں جو کہ غلط ہے ،اگر آ پ چاہتی ہیں زیادہ عمر میں بھی ترو تازہ اور جوان نظر آئیں تو وائپس کے بجائے پانی سے چہرہ دھوئیں۔

چہرے سے احساسات کا اظہار
اکثر خواتین ناک بھنویں چڑھائے رکھتی ہیں ،اس عمل سے ان کا مقصد غصے اور خفگی کا اظہار ہوتا ہے یا کسی عمل کونا پسند یدہ سمجھنے کا اظہار ،ہر وقت غصہ اور خفگی کا اظہار آپ کے چہرے پر جھریاں نمودار کردیتا ہے ،اگر آپ چاہتی ہیں آ پ کا چہرے جھریوں اور بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ ہے تو مسکرا ہٹ کے ساتھ اپنی صبح کا آغاز کیجیے اور مسکراہٹ کے ساتھ ہی دن کا اختتام ۔
اپنے آپ کو خوش رکھنے کی کوشش کریں۔آپ کے سامنے ہونے والی باتوں اور چیزوں کو مثبت انداز میں لیں ۔ذہن پر پریشانی ڈالنے سے چہرے پر جھریاں آجاتی ہیں اور جلد کو بھی بری طرح سے نقصان پہنچتا ہے ۔
غیر معیاری میک اپ پراڈکٹس سے گریز
خواتین کو چاہیے اپنی جلد پر کبھی کمپرومائز نہ کریں۔اگرمیک اپ پراڈکٹس آپ کی جلد کو جلانے یا خراب کرنے کا باعث بن رہے ہیں تو اس میں کوئی بعید نہیں یہ پراڈکٹس بہت جلد آپ کی جلد کو بوڑھا کر دیں گے ۔کوئی بھی پراڈکٹس استعمال کرنے سے پہلے اپنے ڈرما ٹولو جسٹ سے مشورہ ضرور کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں